گندم کے کاشتکاروں کو فصل کی کٹائی، گہائی اور سنبھال سے پہلے ترپال یا پلاسٹک چادر کا انتظام کرنے کی ہدایت

منگل 5 اپریل 2016 15:27

فیصل آباد۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء ) ڈائریکٹر گندم ایوب ریسرچ فیصل آباد ڈاکٹر مخدوم حسین نے کہاہے کہ گندم کی فصل برداشت کے مرحلہ میں د اخل ہوگئی ہے اس لیے فصل کی بروقت کٹائی، گہائی اور سنبھال سے پہلے مزدوروں، ٹریکٹر، تھریشر اور کمبائن ہارویسٹر کے علاوہ ترپال یا پلاسٹک چادر کا انتظام یقینی بنایا جائے۔

یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ موسمی حالات بہتر رہنے اور کاشتکاروں کی بھر پور محنت سے توقع ہے کہ اس سال ہم گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے جس سے نہ صرف کاشتکاروں کی آمد ن میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ گندم کی کٹائی سے قبل موٴثر منصوبہ بندی کریں کیونکہ گندم کی برداشت کے وقت موسمی تغیرات سے پیداوار کافی متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کاشتکار فصل کی برداشت کے لیے منصوبہ بندی کرتے وقت موسمی حالات کو مدنظر رکھیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بارش کی صورت میں فصل کی کٹائی روک دیں اور موسم صاف ہونے پر کٹائی کا عمل دوبارہ شروع کریں نیزفصل مکمل پکنے پر کٹائی شروع کریں اور بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ اوپر کی طرف رکھیں۔ کھلواڑے چھوٹے رکھیں، اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور کھلواڑوں کے گرد کھائی ضرور بنائیں تاکہ بارش ہونے کی صورت میں فالتو پانی اس میں جمع کیا جاسکے۔