شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے اشتراک سے آگاہی واک کا انعقاد

جمعرات 7 اپریل 2016 18:22

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) وزیر اعظم پاکستان کے قومی پروگرام برائے تعلیم اطفال کے تحت شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے اشتراک سے ایک آگاہی واک کی گئی، جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق واک کا آغازفیکلٹی آف ایجوکیشن شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور سے ہوا، وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے واک کی قیادت کی۔

واک میں اساتذہ، افسران، ملازمین اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور بچوں کو اسکول بھیجنے کیلئے نعرے لگائے۔ اس موقع پر وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ملک کے تقریباً 4ملین بچے اسکول نہیں جاتے اور بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ معیاری تعلیم کی عدم فراہمی بھی ایک مسئلہ ہے۔

ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی صرف اور صرف تعلیم میں ہی مضمر ہے۔ اس موقع پر وائیس چانسلر نے بچوں کو اسکول بھیجنے کی ترغیبی اصلاحات کرنے پر وفاقی حکومت، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ پروفیسر ڈاکٹر غلام علی ملاح سربراہ شعبہ ٹیچر ایجوکیشن نے کہا کہ موجودہ وائیس چانسلر کی کوششوں سے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کا قیام عمل میں آچکا ہے اور شعبہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور اساتذہ کی تربیت میں مصروف عمل ہے۔

شعبے میں جدید تعلیمی و تدریسی طریقوں کے تحت تعلیم دی جارہی ہے۔ اس سے قبل وائیس چانسلر سیکریٹیریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کی۔ اجلاس میں پرووائیس چانسلرز ، ڈین، اور ڈائریکٹرز صاحبان نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد نیشنل انرولمنٹ پروگرام کو اس کے حقیقی جذبے کے تحت نافذ کرنا تھا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کیمپس اور تمام اسٹڈی سینٹرز کے طلبہ و طالبات کو30اپریل تک اسکول نہ جانے والے بچوں کو اسکول میں داخلے کا ہدف دیا جائے گا۔ ڈین اور متعلقہ شعبہ جات کے طلبہ و طالبات اس سلسلے میں اہداف کا تعین کریں گے۔

متعلقہ عنوان :