ہم قومی معاملات پر اختلاف برائے اختلاف کے بجائے اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں‘راجہ فاروق حیدر

جمعہ 8 اپریل 2016 14:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سربراہ اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ سے خطاب میں واضح دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ سردار محمد عبدالقیوم خان کی شخصیت زبردست خراج عقیدت کی مستحق ہے ۔مگر ان کے جانشینوں جن کے ساتھ ہمارا سیاسی فلسفہ نہیں ملتا ان کے ساتھ ہمارا کسی صورت میں اتحاد نہیں ہو سکتا۔

میاں محمد نواز شریف نے مظفرآباد کی تعمیر وترقی کے حوالہ سے کہا کہ اس کو بیس کیمپ کے شایان شان دارالحکومت بنائیں گے ۔نیلم جہلم معاہدہ کا ڈرافٹ حتمی کرنے سے قبل پارلیمان کی کمیٹی بنائی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے ۔

(جاری ہے)

ہم قومی معاملات پر اختلاف برائے اختلاف کے بجائے اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔کل تک چےئرمین پی ایس سی فنڈز نہ ہونے کا کہہ رہے تھے ۔

اب تھوک کے حساب سے انٹرویو شروع کر کے پی ایس سی کی شفافیت پر شک بڑھا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت میں ایک مقامی اخبار کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی لائے گی اور اس سلسلہ میں وزیر اعظم پاکستان صدر مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کا ویژن واضح ہے وہ چاہتے ہیں کہ آزادکشمیر کے عوام کا معیار زندگی بلند ہو اور ان کے مسائل حل ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کی سیاسی قیادت سردار محمدابراہیم خان غازی ملت‘ خورشید ملت کے ایچ خورشید کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔اور خصوصاً سردار محمد عبدالقیوم خان کے ساتھ نسبت پر انہیں بھرپور خراج تحسین و عقیدت سے نوازا اور ساتھ ہی دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ان کے جانشینوں جن کے ساتھ ہمارا سیاسی فلسفہ نہیں ملتا ان کے ساتھ اتحاد کسی صورت نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے انٹرویوز آج سے شروع ہو رہے ہیں اور چند روز یہ مرحلہ مکمل کر کے سفارشات چےئرمین کو بھیج دی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر یونیورسٹی کے خلاف ڈرامے بازی بند کی جائے ۔میری درخواست پر میاں محمد نواز شریف نے یونیورسٹی کو 10کروڑ ترقیاتی فنڈز دینے سے اتفاق کر لیا ہے ۔جو جلد ہی یونیورسٹی کو مل جائیں گے ۔موجودہ وائس چانسلر کی کارکردگی بہت اچھی ہے ۔ان کے خلاف سازشیں بند ہونی چاہیں ،۔فاروق حیدر نے کہا کہ چوہدری لطیف اکبر اور بازل نقوی سفاری پارک ،واٹر سپلائز جو متاثرین نیلم جہلم کا حق ہے کی منتقلی کے حوالہ سے باز رہیں اور ان کو کسی بھی صورت میں منتقل نہیں ہونے دیا جائے گا۔