جنید جمشید کا خود پر حملہ کرنے والوں کو معاف کرنے کا اعلان

ہفتہ 9 اپریل 2016 14:10

جنید جمشید کا خود پر حملہ کرنے والوں کو معاف کرنے کا اعلان

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) جنید جمشید نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر خود پر حملہ کرنے والوں کو معاف کرنے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جنید جمشید کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام لوگوں کو معاف کرتے ہیں جنہوں نے ان پر حملہ کیا، جبکہ اللہ تعالی ہمیں محبت پھیلانے اور ایک دوسرے کی عزت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نظریات سے قطع نظر ہمیں ایک دوسرے سے پیار اور عزت کرنی چاہیے جبکہ پاکستان کو ہر کسی کے لیے ایک پرامن جگہ بنانا چاہیے۔واضح رہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل گلوکاری چھوڑ کر مذہب کی جانب راغب ہونے والے اور ملبوسات کے معروف برانڈ کے مالک جنید جمشید پر بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مشتعل ہجوم نے حملہ کردیا تھا۔

(جاری ہے)

حملہ کرنے والے افراد کا دعویٰ تھا کہ جنید جمشید نے اسلام کی مقدس شخصیت کی توہین کی ہے۔

حملہ کرنے والے افراد نے متعدد بار جنید جمشید کو گھونسے مارے، ایک لمحے کے لیے انہیں چھوڑا اور پھر دوبارہ ان کو پکڑنے کی کوشش کی۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جنید جمشید سے رابطہ کرکے انہیں پرچہ درج کرانے کی ہدایت کی۔جنید جمشید نے واقعے کا مقدمہ ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا، جس میں( 506دھمکیاں دینے)اور (341محبوس رکھنے)کی دفعات شامل کی گئیں۔

پولیس نے دو روز قبل جنید جمشید پر حملہ کرنے والے ایک شخص زین العابدین کو کراچی کے علاقے بہادر آباد سے گرفتار کرلیا تھا۔گرفتار ملزم کو کراچی کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کو راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔رپورٹس کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :