پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس،اپوزیشن لیڈر کا پانامہ لیکس پر بحث کا مطالبہ ، پانامہ لیکس پر بات ہو چکی، مزید گنجائش نہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 اپریل 2016 12:19

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس،اپوزیشن لیڈر کا پانامہ لیکس پر بحث کا مطالبہ ..

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر اعتزاز احسن اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے پانامہ لیکس پر بحث کا مطالبہ کیا جبکہ دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی پی آئی اے سمیت 6 بلوں پر بحث کی بات کرتے رہے۔ اعتزاز احسن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس پر پورے ملک میں پریشانی ہے، پانامہ لیکس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان پر ٹیکس چوری کے الزامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ الزامات جھوٹے ہیں لیکن پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث ہونی چاہئیے۔ یہ سب سیاستدانوں کی نیک نامی اور بدنامی کا معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر کمیشن بنائے ، ہم اس پر ان ک ساتھ دیں گے لیکن حکومتی وزرا تو گھبرائے ہوئے ہیں ، ان سے بات نہیں کی جا رہی۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ایک مقتدر فورم ہے لہٰذا پانامہ لیکس کے معاملے پر یہاں بحث ہونی چاہئیے، ہمیں اُمید تھی کہ وزیر اعظم کھُل کر بحث کرنے کی اجازت دیں گے۔

مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ ہماری تجویز مان لیں اور اس پر بحث کر لیں ، اگر آج پانامہ لیکس پر بات نہ کی گئی تو معاملہ مزید بگڑ جائے گا۔ جس کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی سرار ایاز صادق نے کہا کہ پانامہ لیکس پر قومی اسمبلی میں پہلے بحث ہو چکی ہے اب مزید ضرورت نہیں ہے۔