پی آئی اے کی نجکاری نہ کرنے اور ملازمین کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی جائے،پیپلز پارٹی کاپی آئی اے بل پرحکومت کی مشروط حمایت کا اعلان

پیر 11 اپریل 2016 13:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے پی آئی اے بل پرحکومت کی مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری نہ کرنے اور ملازمین کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی جائے تو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بل کی حمایت کریں گے۔پیر کو یہاں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق مشاورت کی گئی،سینیٹر سعید غنی نے اجلاس کو پی آئی اے بل کے معاملے پر حکومت سے ہونے والی بات چیت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پی آئی اے مینجمنٹ حکومت کے پاس رہے گی،ملازمین کے دوران ملازمت اور بعد از ملازمت تمام حقوق برقرار رہیں گے۔اجلاس میں پیپلز پارٹی پی آئی اے بل سے متعلق حکومتی موقف پر رضا مند ہو گئی۔شرکاء نے موقف اختیار کیا کہ پی آئی اے کے ملازمین کے خلاف مقدمات واپس لینے کی یقین دہائی کرائی جائے۔