حکو مت کا پانامہ لیکس اور پی آئی اے کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

اب بہت ہو گیا ،پی آئی اے نجکاری کے معاملے پر اپوزیشن کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے ، چوہدری نثار

پیر 11 اپریل 2016 19:01

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ قومی ائیر لائن کے معاملے پرمقدمات کسی صورت ختم نہیں کئے جائیں گے،پانامہ لیکس اور پی آئی اے کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ سختی سے جواب دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز قومی اسمبلی میں وفاقی وزرا کے ساتھ غیر رسمی ہنگامی ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روزوفاقی وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت مسلم لیگ (ن)کے اہم وفاقی وزرا کی قومی اسمبلی میں غیر رسمی ہنگامی ملاقات ہوئی ،جس میں زاہد حامداور انوشہ رحمان بھی موجود تھے،ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی ائیر لائن کی نجکاری کے معاملے پرحکومت پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی بلکہ سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔وفاقی وزرا کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پراپوزیشن کوسخت جواب دیاجائیگا،اپوزیشن پی آئی اے کے معاملے پر منافقت کر رہی ہے،حکومت کسی صورت انکے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی،وزراء کا مزید کہنا تھا کہ بس اب بہت ہو گیا،قومی ائیر لائن کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔