بروقت برداشت سے چنے کی بہتر فصل حاصل کی جا سکتی ہے، ماہرین زراعت

منگل 12 اپریل 2016 14:00

فیصل آباد۔12 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اپریل۔2016ء ) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ بروقت برداشت سے چنے کی بہتر فصل حاصل ہوتی ہے جبکہ چنے کی پکی ہوئی فصل کی برداشت میں تاخیر سے ٹاڈ جھڑتے ہیں۔ جس سے پیداوار میں بھی کمی واقع ہو جاتی ہے اس لئے کاشتکار احتیاط برتتے ہوئے چنے کی بروقت برداشت کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ یقینی بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ چنے کی فصل کی کٹائی عموماً اپریل کے آخر تک کی جاتی ہے اور کٹائی 90فیصد ٹاڈ پکنے پر ہی کی جانی چاہیے۔ کٹائی سے قبل بیج کیلئے مختص کھیت میں سے بیماریوں سے متاثرہ تمام پودے نکال کر جلا دینے چاہئیں اور کٹائی صبح کے وقت کرنی چاہیے کیونکہ موسمی حالات اور اوس کے باعث صبح کے وقت پھلیاں کم جھڑتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ فصل کو کاٹنے کے بعد چھوٹی ڈھیریوں کی شکل میں دو یا تین دن تک کھیت میں رکھنا چاہیے تاکہ دھوپ لگنے سے فصل اچھی طرح خشک ہو جائے اور بعد ازاں ڈھیریوں کو صاف ستھری جگہ پر اکٹھا کر کے ٹریکٹر یا چنے کے تھریشر سے گہائی کر لینی چاہیے