آئرن اور زنک کی زیادہ مقدار کی حامل گندم کی نئی اقسام کی تیاری آخری مراحل میں داخل

بدھ 13 اپریل 2016 16:34

فیصل آباد۔13 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 اپریل۔2016ء )زرعی سائنسدانوں کی جانب سے آئرن اور زنک کی زیادہ مقدار کی حامل گندم کی نئی اقسام کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے جن کے فروغ کے ذریعے غذائیت سے بھرپورآٹے سمیت بیکری کی مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی جس سے پاکستان اوردنیا بھر کے غریب ممالک کے عوام کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ پاکستانی زرعی سائنسدانوں نے اپنی مشترکہ کاوشوں سے 1960ء کی دہائی میں پاکستان میں گندم کی نئی قسم میکسی پاک متعارف کرائی جس سے جنوبی ایشیا اور دنیا کے دیگر ترقی پذیر ممالک میں گندم کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ۔انہوں نے بتایاکہ امسال بھی موسمی حالات سازگار ہونے کی وجہ سے گندم کی بمپرکراپ حاصل ہوگی تاہم پنجاب کے کچھ علاقوں میں حالیہ بارشوں سے گندم کی فصل کاجزوی نقصان نوٹ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گندم کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ اس کی کوالٹی کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ہمارے زرعی سائنسدان گندم کی نئی قسم ڈیورم اور موسمیاتی تبدیلیوں بالخصوص خشک سالی اور زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے والی گندم کی نئی اقسام متعارف کرانے میں کامیاب ہوں گے۔