سرینگر‘ ہندواڑہ قتل عام،سوشل میڈیا پر بھی بھارتی فوج کو سخت تنقید کا سامنا

جمعرات 14 اپریل 2016 13:59

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 اپریل۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے علاقوں ہندواڑہ اور درگ ملہ میں ایک خاتون سمیت چار نہتے کشمیریوں کے قتل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی بھارتی فوج کو شدید تنقید کانشانہ بنایاگیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمران بنی ڈار نامی ایک شہری نے سماجی رابطوں کی سائیٹ”فیس بک“پر لکھا ہے کہ جب تک کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کو منسوخ نہیں کیا جاتا، مقبوضہ علاقے میں ہندواڑہ جیسے قتل عام ہوتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کالے قانون کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس سلسلے انصاف کی ضرورت ہے ایک جیتے جاگتے اور حقیقی انصاف کی۔ بھارتی شہریوں وکرم جیت سنگھ اوررگہوان سرینواسن نے لکھا کہ بھارت کی موجودہ کشمیر پالیسی سے علاقے میں ہرگز امن قائم نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ایک لڑکی کی بے حرمتی کی اور جب شہریوں نے اسکے خلاف احتجاج کیا تو انہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

بھارتی شہریوں نے کہا کہ قتل عام کے اس طرح کے واقعات مقبوضہ علاقے میں روز کا معمول بن چکا ہے۔ ایک اور شہری نے لکھا ہے بھارتی فوجی جس بہیمانہ طریقے سے کشمیریوں کو قتل کر رہے ہیں ، ایسے میں اس بات کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے کہ کشمیری بھارتی کرکٹ ٹیم کے میچ جیتنے پر خوشی منائینگے۔

متعلقہ عنوان :