آم کے باغات میں وسط اپریل سے آبپاشی کا وقفہ 20دن کر دیں ،محکمہ زراعت

جمعرات 14 اپریل 2016 14:16

فیصل آباد۔14 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 اپریل۔2016ء )محکمہ زراعت نے کہاہے کہ اپریل کے آخر تک آم کے باغات میں زیادہ تر کیڑے و بیماریاں نقصان دہ حد سے نیچے آجاتی ہیں مگر باغبان ضرورت پڑنے پر جائزہ اور سپرے جاری رکھیں اور جڑی بوٹی مار زہروں سے جڑی بوٹیوں کا تدارک بھی کیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ باغبان بٹور کی کٹائی جاری رکھیں اور نائٹروجنی کھاد یوریا کی دوسری خوراک کے طور پر ایک کلو گرام فی پودا کھاد ڈالنے کے علاوہ پتوں پر چھوٹے غذائی اجزاء کا سپرے بھی کریں ۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ آم کے باغات میں وسط اپریل کے بعد آبپاشی کا وقفہ 20دن رکھنا ضروری ہے ۔ منہ سڑی کے خلاف ضرورت کے مطابق سپرے کرنے ، تنوں پر بورڈ و پیسٹ لگانے سے بھی اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ پھل کی مکھی آم کی فصل کو نقصان پہنچاتی ہے اس لئے اس کے خلاف پھندوں کا بھی مناسب انتظام کرنا چاہیے۔