شمالی کوریاکا امریکہ اور اقوام متحدہ کی پابندیوں اور عالمی دباؤ کے باوجود بانی رہنما کی سالگرہ کے موقع پربیلسٹک میزائل کا تجربہ

جمعہ 15 اپریل 2016 14:53

شمالی کوریاکا امریکہ اور اقوام متحدہ کی پابندیوں اور عالمی دباؤ کے ..

سیول/پیانگ یانگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اپریل۔2016ء) شمالی کوریا نے امریکہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیوں اور عالمی برادری کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اپنے بانی رہنما کم ان سونگکی سالگرہ کے موقع پر بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے ،جنوبی کوریا نے دعوی کیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے کیا جانے والا بیلسٹک میزائل کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے امریکہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیوں اور عالمی برادری کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ادھر جنوبی کوریا نے دعوی کیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے کیا جانے والا بیلسٹک میزائل کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا نے بظاہر جمعہ کو علی الصبح مشرقی ساحل کے قریب میزائل تجربہ کرنے کی کوشش کی لیکن بظاہر یہ ناکام رہا۔

(جاری ہے)

ایک اعلی امریکی دفاعی عہدیدار کے مطابق امریکی اسٹریٹیجک کمانڈ سسٹم نے بھی اس چیز کا سراغ لگایا ہے جو کہ مبصرین کے جائزے کے مطابق شمالی کوریا کا ناکام مزائل تجربہ تھا۔ موسودان طرز کے اس میزائل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ 4000 کلومیٹر کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مبصرین یہ پیش گوئی کرتے آرہے تھے کہ شمالی کوریا اپنے بانی صدر کم ال سنگ کی سالگرہ کے موقع پر درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر سکتا ہے۔

شمالی کوریا کی طرف سے جنوبی کوریا، جاپان اور یہاں تک کہ امریکہ کے خلاف دھمکیوں اور اس کے میزائل اور جوہری پروگرام کی وجہ سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ شمالی کوریا دعوی کرتا ہے کہ اس نے بین البراعظمی میزائل تیار کر لیا ہے جو امریکہ کو ہدف بنا سکتا ہے۔جمعرات کو واشنگٹن میں شمالی امریکی ایرواسپیس ڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ امریکی فورسز شمالی کوریا کی طرف سے ایسے کسی بھی میزائل سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔تاہم بحریہ کے ایڈمرل بل گورٹنی نے ایسے کسی حملے کے امکان کو مسترد کیا۔

متعلقہ عنوان :