شہریوں کے جان ، مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، ایس ایس پی سی آئی اے

جمعہ 15 اپریل 2016 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اپریل۔2016ء) ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان ، مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے لاہور پولیس شب و روز کوشاں ہے اور عوام کے جان و مال کے دشمن ڈاکو، لٹیروں ، چوروں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف برسر پیکار ہے انہوں نے کہا کہ سی آئی اے پولیس گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈاکوؤں ، چوروں اور لٹیروں کی وارداتوں کا نشانہ بننے والے 100سے زائد شہریوں کو7کروڑ روپے سے زائد کا مال مسروقہ ڈاکوؤں اور چوروں سے برآمد کر کے ان کے حقیقی وارثوں کے سپرد کر چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج تھانہ گلبرگ ، ٹاؤنشپ، سبزہ زار، ماڈل ٹاؤن ، سمن آباد، چوہنگ، شیرا کوٹ، باٹا پور، کاہنہ، گجر پورہ، مصطفی آباد اور باغبانپورہ میں ڈاکوؤں اور راہزنوں کی وارداتوں کا نشانہ بننے والے 14شہریوں بلال ممتاز، عباس ارشد، محمد ریاض، اشرف کھوکھر، زاہد معراج، محمد رضوان، شاہین احمد، محمد شاہد، شکیل خان، محمد منیر، شہزاد احمد، وقاص محبوب، انجم شہزاد اور محمد افضل میں ڈاکوؤں، راہزنوں اور چوروں سے برآمد کی گئی لاکھوں روپے کی نقدی اور موٹر سائیکل ان کے اصل وارثان کے سپرد کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر جمعہ کے روز سی آئی اے ہیڈ کوارٹر میں ڈاکوؤں سے برآمد کیا گیا مال مسروقہ ان کے حقیقی وارثان کے سپرد کیا جاتا ہے جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اگر ڈاکو چور اور سماج دشمن عناصر وارداتیں کر رہے ہیں تو پولیس بھی ان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :