کراچی میں گرمی کے زور کو توڑنے کے لئے ضروری ہے کہ شجر کاری کو فروغ دیا جائے،ماہرین ماحولیات

ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے خصوصی اقدامت نہ کئے گئے تو مسلم لیگ ن عوامی سطح پر سخت احتجاج کرے گی، سید منور رضا

ہفتہ 16 اپریل 2016 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) ماہرین ماحولیات اور سیاسی رہنماؤں نے کہاہے کہ کراچی میں گرمی کے زور کو توڑنے کے لئے ضروری ہے کہ شجر کاری کو فروغ دیا جائے،اور حکومت سندھ کو متنبہ کیا کہ ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے خصوصی اقدامت نہ کئے گئے اور انسانی جانوں کو نقصان پہنچا تو مسلم لیگ ن عوامی سطح پر سخت احتجاج کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے ہفتے کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے تحت شدید گرمی کی متوقع لہر اور ہماری ذمے داری کے عنوان پر مسلم لیگ ہاؤس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضانے کہا کہ پچھلے سال گرمی کے موسم میں کراچی دوہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی تھیں اس مرتبہ بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشنگوئی کی گئی ہے کہ اس سا ل بھی سخت گرمی اور ھیٹ اسٹروک کے امکانات ہیں،اگر حکومت سندھ کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس حوالے سے فوری اقدامات نہیں کئے گئے اور پچھلے سال کی طرح سے صورتحال پیدا ہوئی تو مسلم لیگ ن حکومت کے خلاف عوامی سطح پر سخت احتجاج اور مزاحمت کرے گی اس سلسلے میں سندھ حکومت اپنا قبلہ درست کرلے،مسلم لیگ ن کراچی کے جنرل سیکریٹری خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن کی جانب سے سخت گرمی اور ھیٹ اسٹروک سے آگاہی اور شعور کے لئے آگاہی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے،اس کے حوالے سے کراچی کے تمام اضلاع میں میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے جن میں پیرا میڈیکل اسٹاف کے لوگ اور مسلم لیگ ن کے کارکن ان کیمپوں میں عوام کے مدد کے لئے بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

جامعہ کراچی میں شعبہ جیالوجی کی سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی میں کراچی میں اتنی زیادہ گرمی نہیں ہوتی تھی اس کی وجہ یہ تھی یہاں پارکس تھے، اور کھیت تھے اور لوگوں میں درخت لگانے کا رجحان تھا ،اب پارکس ختم ہوگئے ہیں اور درخت لگانے کا رجحان ختم ہوچکا ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ شہر میں شجر کاری کو فروغ دیا جائے، کراچی یونیورسٹی میں شعبہ ماحولیات کے استاد ڈاکٹر وقار احمد نے کہا کہ شجر کاری کے لئے ضروری نہیں کہ حکومت کے اقدامات کا انتظار کیا جائے عوام اپنے طور پر بھی درخت لگانے پر توجہ دیں۔

کراچی میں بڑی بڑی عمارتوں کی تعمیراور ٹریفک سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کے باعث بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے ۔سیمینار سے علی اکبر گجر ،کالم نگار محمود عالم خان اور ناصر الدین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔