Live Updates

تحریک انصاف ،جماعت اسلامی کے مابین کوئی اختلاف نہیں،پرویزخٹک، خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، غلط فہمیاں پیدا کرنیوالوں کو منہ کی کھانی پڑیگی، ایم ڈی خیبربینک نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ،تحقیقات کاحکم دیدیا گیاہے،2018کے عام انتخابات میں کارکردگی کے بل پر صوبہ کی سیاسی تاریخ بدلیں گے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

اتوار 17 اپریل 2016 20:30

تحریک انصاف ،جماعت اسلامی کے مابین کوئی اختلاف نہیں،پرویزخٹک، خیبرپختونخوا ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے مابین کوئی اختلاف نہیں۔ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ وہ جامعہ عثمانیہ جلوزئی میں استقبالیہ اور جبہ خٹک میں جلسے عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

جلسے سے ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک ،ایم این اے ڈاکٹر عمران خان، ایم پی اے میاں خلیق الرحمن خٹک ،ممبر ضلع کونسل سکندر خان،وزیر اعلی کے کوارڈنیٹر برائے سیاسی امور حسین احمد خٹک، جمامعہ عثمانیہ کے مہتمم مفتی غلام الرحمن، صوبائی ناظم وفاق المدارس مولاناحسین احمد نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے خیبربینک کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم ڈی خیبربینک نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے جس کے خلاف تحقیقات کاحکم دے دیا گیاہے انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایک ایماندار اور فرض شناس شخصیت ہیں اور ان پر صوبائی حکومت کابھرپور اعتماد ہے۔

پانامہ لیکس سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سے حکومتی ایوانوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اللہ کرے کہ ہلچل خیریت سے ختم ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ جس کسی نے بھی بیرون ملک سرمایہ منتقل کیا ہے سب کاکڑا اوریکساں احتساب ہونا چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے جامعہ عثمانیہ کے دور کے موقع پر کہا کہ دینی مدارس دنیا کی سب سے بڑی این جی اوز ہیں جو غریب لوگوں کے بچوں کو مفت تعلیم دینے کے اہم ذرائع ہیں۔

انہوں نے کہاکہ علماء کرام نے ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار اد اکیا ہے ۔انہوں جامعہ عثمانیہ میں قائم شدہ قرآنک گارڈن میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔بعدازاں قرآنک گارڈن میں کجھور کا درخت لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔پرویز خٹک نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف اگر بے گناہ ہیں تو ان کو اپنی بے گناہی ثابت کرنا ہوگی۔یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ان کے بیٹوں کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی۔

انہوں نے کہاکہ یہ بات یہاں پررکنے والی نہیں یہ بات بہت آگے تک جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ وفاقی حکومت کے ساتھ پاک چائنا اقتصادی راہداری سمیت صوبے کے تمام حقوق اور واجبات کی ادائیگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اُصولوں کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ 2018کے عام انتخابات میں کارکردگی کے بل بوتے پر صوبہ کی سیاسی تاریخ بدلیں گے اور دوبارہ پی ٹی آئی کی حکومت قائم کریں گے ملک کے آئندہ وزیر اعظم عمران خان ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان تحریک انصاف کا سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں نے تحریک انصاف کونظام کی تبدیلی کے لیے بھاری میندیٹ دیا اوراپنے بزرگوں کوبھی فرسودہ روایتی سیاست سے نکال کر پی ٹی آئی کی طرف راغب کیا یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نوجوانوں کوقدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوران کے مشوروں پر غور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اور کمیشن عروج پرتھی اور غریبوں کااستحصال ہورہا تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر اس کی سیاسی قیادت ایماندار ہوجائے تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب سے پاکستان بنا ہے۔ غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا گیا ۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت نے اپنے منشور پر عمل نہیں صرف انتخابی نعروں تک محدود رکھا جبکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان صوبائی حکومت کواپنے منشور پر من و عن عمل کرانے کی تلقین کرتے ہیں عمران خان پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جن کی ساری توجہ غریب عوام پر ہے۔

اور وہ حکومت کے ہرا دارے میں غریب کی عزت نفس بحال کرنے اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جس کے ثمرات برآمد ہو نا شروع ہو چکے ہیں انھوں نے جبہ خٹک ، یونین کونسل شاہ کوٹ کے کارکنوں کو زبردست خراج تحسین پیش جنہوں نے ہمیشہ پی ٹی آئی کا بھر پور ساتھ دیا۔اس موقع پر علاقے میں کئی پرائمری سکولوں کومڈل او رمڈل کو ہائی سکول کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے جبہ خٹک میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔وزیر اعلی نے شابڑہ روڈ کا افتتاح بھی کیا۔انہوں نے ڈیم سے ہونے والے نقصانات کانوٹس لیا اورکہا کہ ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیم علاقے کادورہ کریں گے تاکہ نقصانات کاازالہ کیاجاسکے۔ اس موقع پر شہید لطف الرحمن کو بھی خراج عقید ت پیش کیاگیا ہے۔ وزیر اعلی نے علاقے کی اصلاحی کمیٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات