برطانوی شاہی جوڑے کی بھارت یاترا کے بعد۔۔۔ بھارتی حکومت کئی سال بعد ملکہ برطانیہ کے تاج میں جَڑے کوہ نور ہیرے کی ملکیت سے دستبردار ہوگئی

پیر 18 اپریل 2016 21:13

برطانوی شاہی جوڑے کی بھارت یاترا کے بعد۔۔۔ بھارتی حکومت کئی سال بعد ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) بھارتی حکومت کئی سال بعد ملکہ برطانیہ کے تاج میں جَڑے کوہ نور ہیرے کی ملکیت سے دستبردار ہوگئی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں ملکہ برطانیہ کے تاج میں جَڑے کوہ نور ہیرے کی ملکیت سے متعلق سماعت کے دوران حکومت نے موقف اختیار کیا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی کوہ نور ہیرا یہاں سے لے کر نہیں گئی بلکہ سکھ مہاراجا رنجیت سنگھ نے وہ ہیرا برطانیہ کو تحفے میں دیا۔

حکومت کی جانب سے یہ موقف سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکراور جسٹس اودے اومین لالت کے روبرو اختیار کیا گیا۔عدالت نے حکومتی موقف سننے کے بعد ریمارکس دیئے کہ اگرحکومتی موقف کو تسلیم کرلیا جائے تو اس سے پہلے ہیرے سے متعلق کئے گئے تمام حکومتی دعوے غلط قرار دیئے جائیں گے تاہم عدالت نے کوہ نور ہیرے کی ملکیت پر حکومت کو مزید 6 ہفتوں کی مہلت دے دی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 105 کیرٹ کے کوہِ نور ہیرے کو19ویں صدی میں اس وقت برطانیہ لے جایا گیا تھا جب برصغیر پر برطانیہ کا قبضہ تھا جبکہ اس ہیرے کی واپسی کا دعویٰ پاکستان اور بھارت دونوں کی جانب سے کیا جاتارہا ہے اور لاہور ہائیکورٹ میں اس ہیرے کو برطانیہ سے واپسی کے لئے بھی درخواست دائر کی جاچکی ہے۔یاد رہے کہ یہ دعویٰ برطانوی شاہی جوڑے کی بھارت یاترا کے بعد سامنے آیا ہے.

متعلقہ عنوان :