بھارتی ہسپتال میں بچوں کا ”خفیہ فارم“ ، گھناؤنے کاروبار میں بچوں کوفروخت اور تبدیل کیا جاتا ہے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 19 اپریل 2016 01:53

بھارتی ہسپتال میں بچوں کا ”خفیہ فارم“ ، گھناؤنے کاروبار میں بچوں کوفروخت ..

بھوپال۔ مدھیہ پردیش پولیس نے ضلع گوالیار کے ایک پرائیویٹ ہسپتال پر چھاپہ مارا تو انہیں وہاں نوزائیدہ بچوں کا خفیہ فارم ملا۔اس ہسپتال میں ان چاہے نومولود بچوں کو ایک لاکھ میں فروخت اور تبدیل کیا جاتا ہے
زیادتی اور غیر اخلاقی تعلقات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچے کو اس ہسپتال میں لاکر لاکھوں روپے میں فروخت کیا جاتا ہے۔ پولیس نے 30 بیڈ کے پالاش ہوسپیٹل سے 2 بچوں کو بھی تحویل میں لے لیا، جبکہ تین بچوں کو فروخت کیا جاچکا تھا۔


پولیس نے ہسپتال کے ڈائریکٹر اور بچوں کو وہاں لانے والے والدین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔اُن کے خلاف مقدمہ لوگوں کی بطور غلام خرید و فروخت اور چھوٹے بچوں کو قحبہ گری کےلیےخرید نے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے ایجنٹ مختلف علاقوں میں گھوم کر بچے لاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے والدین جو حمل ضائع کرنے کے لیے اس ہسپتال سے رجوع کرتے ہیں، یہاں موجود ڈاکٹر انہیں خفیہ اور محفوظ ڈیلیوری کے لیے قائل کرلیتے ہیں۔

بچے کی پیدائش کے بعد اس کےلیے کوئی بے اولاد گاہک تلاش کیا جاتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس ہسپتال میں بچوں کو تبادلہ بھی ہوتا ہے، لوگ اپنی لڑکیاں دے کر لڑکے لے جاتے ہیں۔ گوالیار کےایک جوڑے کے دولڑکے تھے تو اس نے ایک کو دے کر ایک لڑکی لےلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مختلف علاقوں میں اپنی ٹیمیں بھیج دیں ہیں تاکہ اُن بچوں کو واپس لایا جا سکے جو یہاں سے فروخت کیے گئے ہیں۔