مردان : ایکسائز آفس میں‌دھماکہ ، متعدد افراد زخمی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 اپریل 2016 11:56

مردان : ایکسائز آفس میں‌دھماکہ ، متعدد افراد زخمی

مردان(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19اپریل۔2016ء) مردان میں ایکسائز دفتر کے قریب خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کی آواز سنتے ہی جائے حادثہ پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ اپنی جان بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے ، دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جن کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے ایکسائز دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی ، اسے روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ، جائے حادثہ کینٹ کے علاقے میں واقع ہے اور اس کے اطراف میں چند حساس عمارتیں بھی واقع ہیں۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے جن کی جان بچانے کی کوشش جاری ہے۔ دھماکے کی شدت کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کے حوالے سے تحقیق کی جا رہی ہے کہ اس کی مقدار کتنی تھی۔ زخمی ہونے والوں میں ایکسائز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلے دہشتگردوں نے فائرنگ کی اور اس کے بعد جب لوگ گھبرا کر بھاگے تو اس کے بعد دھماکہ ہوگیا۔

ڈائریکٹر ریسکیو 1122 حارث حبیب نے بتایا کہ دھماکے کے بعد دفتر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، دھماکہ کمپیوٹر سیکشن کے قریب ہوا جہاں سائلین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والوں میں کوئی خاتون شامل نہیں ہے۔ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جن کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) فیصل شہزاد نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا خودکش تھا، جس میں 10 افراد زخمی ہوئے، جبکہ ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد عمارت کے اندر کچھ دہشت گرد گھس گئے اور انھوں نے فائرنگ شروع کردی.دوسری جانب زخمیوں کو مردان کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئیں جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا.ایکسائز آفس مردان کے کینٹ ایریا میں مال روڈ پر واقع ہے، جو کافی گنجان آباد ہے اور یہاں لوگ اچھی خاصی تعداد میں موجود ہوتے ہیں. اس علاقے میں اس سے قبل بھی کئی دھماکے ہوچکے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ برس 29 دسمبر کو بھی ضلع مردان میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر کے باہر خود کش بم دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کم ازکم 21 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :