او جی ڈی سی ایل نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز

منگل 19 اپریل 2016 22:48

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 اپریل۔2016ء) او جی ڈی سی ایل نے آئی بی اے کراچی و سکھر کے ساتھ مل کر او جی ڈی سی ایل نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں منگل کو یہاں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی اس موقع پر وفاق وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں او جی ڈی سی ایل اور آئی بی اے کراچی و سکھر کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

اس پروگرام کا اہم مقصد پنجا ب ، سندھ، خیبر پختون خوا بلوچستان کے دیہی علاقوں کے مستحق طلبا ء کو مواقع فراہم کرنا ہے اور اس کے نتیجے میں وہ معیاری پیشہ وارانہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے لئے روز گار کے امکانات بہتر بنا سکیں گے۔ پروگرام کے تحت ہونہار طلباء ملک کے تمام اضلاع سے منتخب کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

جن اضلاع میں او جی ڈی سی ایل کام کر رہی ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ابتدائی طور پر آئی بی اے سکھر کے تین سو اور آئی بی اے کراچی کے 100 طلباء کا انتخاب کیا جائے گا۔ اوجی ڈی سی ایل آئی بی کے کراچی کو گیارہ کروڑ بارہ لاکھ روپے اور آئی بی اے سکھر کو سات کروڑ ستتر لاکھ روپے ادا کرے گی۔ اس پروگرام کا عرصہ بالترتیب پانچ سال اور تین سال ہوگا۔اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے اوجی ڈی سی ایل کے اس اقدام کو سراہا۔ اور کہا کہ اس کے زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل کرنے کے لئے نگرانی کا موثر نظام وضح کیا جائے۔