آمدہ انتخابات میں پیپلزپارٹی دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی،چوہدری عبدالمجید

جمعرات 21 اپریل 2016 15:02

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ آمدہ انتخابات میں پیپلزپارٹی دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ اقتدار کے خواب دیکھنے والوں کے تمام ارمان ادھورے رہ جائیں گے۔ ن لیگ کی منفی سیاست ایکسپوز ہوچکی ہے۔ وفاقی وزراء نے آزادکشمیرمیں جویلغار شروع کررکھی ہے۔

ناکامی ن لیگ کامقدر بن چکی ہے۔ مصنوعی بیساکھیوں کے سہارے ن لیگ کو اقتدار دلانے کے تمام منصوبے ناکام بنادیں گے۔ ن لیگ پری پول دھاندلی کررہی ہے۔ آزادکشمیرمیں کسی کو دھونس دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔ پرامن ،آزادانہ، منصفانہ انتخابات کراناحکومت کی ذمہ داری ہے۔آزادکشمیرمیں کسی کوگلگت بلتستان کی طرز پرڈرامہ سٹیج نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کوگلگت بلتستان سمجھنے والے سخت غلطی پرہیں۔ وہ یہاں وزیراعظم ہاؤس میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلز پارٹی عقیدے اور نظریے کی سیاست پرکاربند ہے انسانیت کی فلاح وبہبود ہماری سیاست کا محورومرکز ہے۔ عوامی حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ عوامی حقوق پرکبھی کمپرومائز نہیں کریں گے اور کبھی بھی ریاستی تشخص تحلیل نہیں کرنے دیں گے اور عوام کے حق رائے دہی پرڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

عوام ہی ہماری طاقت ہیں۔ عوام کے حقوق کے لیے ساری زندگی جدوجہد کی، آمریت سے ٹکرائے مگرعوام کے حقوق کے لیے ہرقسم کی قربانی دی۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیرکے عوام کی غیرت کونیلام نہیں ہونے دیں گے۔ عوام کا استحصال کرنے والے اقتدار پرستوں کے تمام عزائم ناکام بنادیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی متحد ومنظم ہے۔ پیپلزپارٹی ہمالیہ سے بھی بلند چٹان کی طرح مضبوط ہے اس سے ٹکرانے والے پاش پاش ہوجائیں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے پارٹی ویژن کے مطابق 2011 کے انتخابات میں جومنشور دیااس کو عملی جامع پہنایا آزادکشمیر کی تعمیروترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے میگاپراجیکٹس دیئے جس سے آزادکشمیر کے عوام بلاتخصیص برادری وعلاقہ مستفید ہورہے ہیں۔ 2016 کے انتخابات میں دوتہائی اکثریت حاصل کرکے دوبارہ حکومت بنائیں گے اور تعمیر وترقی کے ادھورے مشن کی تکمیل کریں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ انسانیت کی فلاح وبہبود ہمارا مشن ہے اس مشن کی تکمیل کرکے رہیں گے۔ عوامی فلاح وبہبود ہماراایجنڈاہے کسی کو بھی اس ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ دریں اثناء اسلام آباد میں تارکین وطن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں پبلک سیفٹی ایکٹ کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت ایک عالمی دہشت گرد ملک ہے یہ انسانیت کا قاتل ہے اس نے مقبوضہ کشمیرپرغیرقانونی قبضہ کرکے مقبوضہ کشمیرکوملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھا ہے۔

وزیراعظم نے مہذب دنیاسے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانیت کا قتل عام بند کروائے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی دلوائے۔