تعمیر و ترقی کے نام پر کسی قوم کو غلام نہیں بنایا جاسکتا ‘ یاسین ملک

جمعہ 22 اپریل 2016 13:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ تعمیر و ترقی کے نام پر کسی بھی قوم کو غلام نہیں بنایا جاسکتاکیونکہ یہ بنیادی انسانی حقوق اور فطرت کے خلاف ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں کے موقع پر تقریر پر تبصرہ کرر ہے تھے جس میں انہوں نے مقبوضہ علاقے کی ترقی کی بات کی تھی ۔

انہوں نے کہاکہ ترقی کے نام پر کسی قوم کی آزادی سلب کردینا ،اْن کی عزت نفس اور انسانی حقوق کو پامال کرنا اور انہیں یہ درس دینا کہ وہ ترقی کے نام پر ذلت ورسوایئی برداشت کرتے رہیں کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گاندھی کو ایک دن انگریز وائسرائے نے کہا تھا کہ اگر برطانیہ سے وہ آزادی لیں گے تو انہیں تعمیر و ترقی کے فقدان کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن گاندھی نے انہیں جواب دیا تھاکہ وہ اپنی آزاد حکومت اگرچہ وہ کمزور ترین ہی کیوں نہ ہو کو طاقتور ترین ترقی یافتہ اغیار کی حکومت پر ترجیح دیں گے۔

محمدیاسین نے کہا کہ ہمارا نریندرمودی کے تعمیر و ترقی کے بیان پر یہی جواب ہے کہ ترقی کی منازل طے ہوتی رہیں گی لیکن اس کیلئے قومی وقار، آزادی اور عزت نفس کا سودا کرنا غیرت مندی کے خلاف ہے اور کشمیری غریب رہنا تو پسند کریں گے لیکن وہ غلامی پر قناعت کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہیے کہ خطے میں امن و سلامتی کا انحصار صرف کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل سے ہے اور اگر وہ چاہتے ہیں کہ پورے جنوبی ایشیاء میں ترقی و خوشحالی ہو تو انہیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جرات کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے کپواڑہ میں پانچ شہریوں کے قتل کو بے روزگاری کا نتیجہ قراردینے پر بھارتی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے میڈیا اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی طرف سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے تعلیم یافتہ ، اورہونہار نوجوان ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ۔

تاہم انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز کمزور کرنے میں کامیاب نہیں ہو گا۔دریں اثناء ظہور احمد بٹ ، رفیق احمد وار ،فاروق احمد ڈار اور جاوید احمد بٹ پر مشتمل لبریشن فرنٹ کا ایک وفد کپواڑہ میں پانچ شہید شہریوں کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے گیا۔