انسپکٹر ہیلتھ کیئر کمیشن کے کوٹ نجیب الله اور کانگڑہ میں چھاپے، 2 نجی ہسپتال سیل کر دیئے گئے

جمعہ 22 اپریل 2016 16:56

ہری پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) انسپکٹر ہیلتھ کیئر کمیشن نے کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کے افسران کے ہمراہ کوٹ نجیب الله اور کانگڑہ میں چھاپے مار کر 2 نجی ہسپتالوں کو سیل کر کے کارروائی شروع کر دی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر ہیلتھ کیئر کمیشن سعید الرحمن نے کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد مشرف، کنزیومر رائٹس پروٹیکشن آفیسر ظفر مشوانی اور اسسٹنٹ ہمایوں شاہ کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر کانگڑہ کالونی اور کوٹ نجیب الله میں چھاپے مار کر کانگڑہ میں ایک ہومیو پیتھک کلینک کو سیل کر دیا، اس ہومیو پیتھک کلینک کا مالک ہومیو کے ساتھ ساتھ ایلوپیتھک کی بھی پریکٹس کر رہا تھا۔

کوٹ نجیب الله میں ہیلتھ کیئر ہسپتال میں رجسٹرڈ ڈاکٹر کی عدم موجودگی پر دیگر افراد جن میں ایک افغانی بھی شامل ہے، پریکٹس کر رہے تھے جس پر اس ہسپتال کو سیل کر دیا گیا ہے۔ متعدد ہسپتالوں اور میڈیکل سٹوروں کو بھی قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔