نہم جماعت میں داخلے کے لئے طلبا پر نادرا سے ب فارم حاصل کرنے کی شرط کو ہائیکورٹ میں چیلنج

جمعہ 22 اپریل 2016 20:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) نہم جماعت میں داخلے کے لئے طلبا پر نادرا سے ب فارم حاصل کرنے کی شرط کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔لاہور ہائیکورٹ میں درخواست طالبعلم طاہر خان نے شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نہم جماعت کا داخلے بھیجتے وقت طلبا کو کہا جاتا ہے کہ وہ نادرا سے ب فارم لے کر داخلہ فارم کے ساتھ منسلک کریں جس سے طلبا کو اضافی اخراجات اور مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہے۔

(جاری ہے)

تعلیمی بورڈز کے پاس پہلے ہی پانچویں اور آٹھویں جماعت کے داخلوں کی وجہ سے طلبا کی رجسٹریشن ہو چکی ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود نئے سرے سے طلبا سے نہم کلاس کیلئے ب فارم مانگا جانا غیرقانونی اقدام ہے، تعلیمی بورڈز کے قواعد و ضوابط میں کہیں نہیں لکھا کہ نہم کلاس کے داخلے کے وقت ب فارم منسلک کیا جانا لازمی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ تعلیمی بورڈز کی طرف سے نہم جماعت کے داخلے کیلئے ب فارم حاصل کرنے کی شرط کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ختم کیا جائے۔