سعودی شہری کی جان بچانے کے عوض دیے جانے والا انعام لینے سے انکار کر دیا تھا: پاکستانی شہری شوکت علی امین

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 اپریل 2016 22:35

سعودی شہری کی جان بچانے کے عوض دیے جانے والا انعام لینے سے انکار کر ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل۔2016ء)پاکستانی شہری شوکت علی امین کا کہنا ہے کہ سعودی شہری کی جان بچانے کے عوض دیے جانے والا انعام لینے سے انکار کر دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل سعودی عرب میں مقیم ایک پاکستانی شہری شوکت علی امین نے معجزاتی طور ایک سعودی شہری کی جان بچانے پر بے پناہ شہرت حاصل کی تھی۔ اس شاندار کارنامے کے بعد شوکت علی کو سعودی ولی عہد محمد بن نائف کی جانب سے خصوصی انعام سے نوازا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد شوکت علی نے پہلی مرتبہ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے جو کچھ کیا وہ کسی انعام کی لالچ میں نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا۔ شوکت علی نے سعودی شہری کی جان بچانے کے واقع کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یہ سب تیراکی میں مہارت ہونے کے باعث کر پائے۔

(جاری ہے)

وہ جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو انہوں نے سعودی شہری کو سیلاب میں پھنسے ہوئے دیکھا۔

شہری کو سعودی سول ڈیفنس کے لوگ بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے سیلاب میں کودنے اور سعودی شہری کی جان بچانے کا فیصلہ کیا۔ میں سول ڈیفنس کی رسیوں کو تھام کر سعودی شہری تک پہنچا اور اسے گاڑی سے نکال کر تھام لیا۔ ہم دونوں نے رسی کو مضبوطی سے تھام لیا اور پھر سول ڈیفنس کے لوگوں نے ہمیں باآسانی سیلاب سے نکال لیا۔

شوکت علی بتاتے ہیں اس تمام آپریشن کے دوران وہ اور سعودی شہری مسلسل اللہ اکبر کا ورد کر رہے تھے۔ شوکت علی نے اس تمام واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ وہ ایک انسان کی جان بچانے کا ذریعہ بنے۔ شوکت علی نے مزید بتایا کہ اس واقعے کے بعد جب سعودی ولی عہد نے ان کیلئے انعام کا اعلان کیا تو انہوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ تاہم پرزور اسرار پر انہیں انعام قبول کرنا پڑا۔