گھریلو افراد گندم کو بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرتے وقت ان میں نیم کے پتے ضرور رکھیں ،ماہرین زراعت کی ہدایت

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:02

فیصل آباد۔23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اپریل۔2016ء )ماہرین زراعت نے ہدایت کی ہے کہ گھریلو افراد گندم کو بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرتے وقت ان میں نیم کے پتے ضرور رکھیں تاکہ گند م کو حشرات الارض اور ممکنہ بیماریوں کے خدشات سے بچانا ممکن ہوسکے۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ گندم کو محفوظ کرناایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس کیلئے کاشتکاروں ، کسانوں اور عام افراد کو خصوصی رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ عام طور پر کاشتکار اور بڑی تعداد میں گھریلو افراد سال بھر کی گندم لے کر گھروں یا ڈیروں پر بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرلیتے ہیں لیکن اکثر اوقات یہ گندم حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے سے خراب ہوناشروع ہوجاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دیہاتوں میں کسان کھانے اور بیج کیلئے اناج تقریباً ایک ہی جگہ ذخیرہ کرلیتے ہیں اور اس مقصد کیلئے وہ پٹ سن کی بوریوں میں اناج بھر کر گھر کے کمروں یا برآمدوں میں اینٹوں کے اوپر یا لکڑی کے تختوں پر رکھ دیتے ہیں ۔

اسی طرح بعض افراد صحن میں رکھے گارے یا لوہے کے بھڑولوں میں بھی اناج ذخیرہ کرتے ہیں جنہیں حشرات الارض کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں کمی بیشی بھی متاثر کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حفاظتی اقدامات پر عمل کرکے گندم کو خراب ہونے سے بچایاجاسکتاہے۔