سست تیلا ، چست تیلا، امریکن سنڈی ،گڑووٴں کی سنڈی ، لشکری سنڈی بہاریہ مکئی کی فصل پرحملہ آور ہو کر شدید نقصان پہنچا سکتی ہے، ماہرین زراعت

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:02

فیصل آباد۔23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اپریل۔2016ء )ماہرین زراعت نے کہاہے کہسست تیلا ، چست تیلا، امریکن سنڈی ،گڑووٴں کی سنڈی ، لشکری سنڈی بہاریہ مکئی کی فصل پرحملہ آور ہو کر شدید نقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذا کاشتکار فصل کو بیماریوں اور کیڑوں کے حملے سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی و تدارکی اقدامات یقینی بنائیں ۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ چست تیلا اور سست تیلا پودے کے پتوں سے رس چوستے ہیں جس سے پتوں پر سفید نشان بن جاتے ہیں اور پتے خشک ہو جاتے ہیں نیز سست تیلے کے جسم سے خارج ہونے والے لیسدار مادہ کی وجہ سے پتوں پر پھپھوندی لگ جاتی ہے جس سے پتوں کے خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے اس کے علاوہ یہ پولن (زردانے) کو بھی نقصان پہنچاتا ہے جس کی وجہ سے چھلیوں میں دانے کم بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ امریکن سنڈی فصل کے نرم پتوں کو کھاتی ہے اور چھلیاں بننے پر دانوں کو کھا کر نقصان پہنچاتی ہے اسی طرح مکئی کے گڑوویں کی سنڈیاں سوائے جڑ کے تمام حصوں پر حملہ کرتی ہیں جوپتوں اور بھٹوں کے پکے دانوں کو بھی کھا جاتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ لشکری سنڈیاں گروہ کی شکل میں انڈوں سے نکل کر پتوں کو نچلی سطح سے اس طرح کھاتی ہیں کہ پتوں کی صرف جھلی باقی رہ جاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ سنڈی کا حملہ ٹکڑیوں کی صورت میں ہوتا ہے اور بڑی سنڈی بھٹوں سے نکلنے والے سلک کو بھی کھا جاتی ہے جس سے چھلی میں دانے بننے کا عمل رک جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لشکری سنڈی کا حملہ اگر ٹکڑیوں کی صورت میں ہو تو انڈے اور سنڈیاں ہاتھ سے پکڑ کر تلف کردیں جبکہ نر پروانوں کی تلفی کیلئے روشنی کے پھندے لگائیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار نقصان رساں کیڑوں اور سنڈیوں کے کیمیائی انسداد کیلئے زرعی ماہرین کی سفارش کردہ کیڑے مار زہروں کا استعمال کریں۔