کپاس کی فصل سے معیاری اور زیادہ پیداوار کیلئے پتہ مروڑ وائرس اور جراثیمی جھلساؤ بیماریوں مرکزی علاقوں میں ٹماٹر اور بھنڈی توری کی فصلیں لگا نے سے گریزکرناپڑے گا، محکمہ زراعت

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:05

لاہور۔23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اپریل۔2016ء) کپاس کی فصل سے معیاری اور زیادہ پیداوار کیلئے پتہ مروڑ وائرس اور جراثیمی جھلساؤ بیماریوں مرکزی علاقوں میں ٹماٹر اور بھنڈی توری کی فصلیں لگا نے سے گریزکرناپڑے گا۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ گزشتہ چند سالوں میں سفید مکھی میں کیڑے مار ادویات کے خلاف مزاحمت کے پیدا ہونے کی وجہ اور موسمی حالات میں تبدیلیوں کے باعث کپاس کی پتہ مروڑ وائرس اور جراثیمی جھلساؤ کی بیماریوں کے حملہ میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھنڈی توری، تمباکو، آلو، بینگن، حلوہ کدو، کھیرا، تر، کریلا، ٹماٹر، لیہلی، ٹینڈا، تربوز، خربوزہ، سورج مکھی اور مرچ وغیرہ سفید مکھی کے متبادل میزبان پودے ہیں اور جڑی بوٹیاں بالخصوص مکو، کرنڈ، لیہہ، ہزاردانی، اٹ سٹ، اک، رتن جوت، گڑھل، پٹھ کنڈا، سن ککڑا اور آرائشی پودے پٹونیا، گارڈینیا اور لینٹانا وغیرہ بھی سفید مکھی کے میزبان پودوں کے علاوہ کپاس کی پتہ مروڑ وائرس کے بھی میزبان پودے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہمروڑ وائرس کی بیماری سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے کہ وائرس سے پاک اور صحت مند بیج استعمال کیا جائے۔ کپاس کا بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے رجسٹرڈ ڈیلروں یاپرائیویٹ سیڈ کمپنیوں کا فیڈرل سیڈسرٹیفیکشن ڈیپارٹمنٹ سے سرٹیفائیڈ سیڈ استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بیج کوبر اتارنے کے بعد ضررساں کیڑوں سے محفوظ بنانے کیلئے سفارش کردہ کیڑے مار ادویات سے آلودہ کر کے کا شت کیا جائے ۔

اس عمل سے کپاس کی فصل اپنے اگاؤ کے ابتدا ئی دنوں میں رس چوسنے والے اوردیگر کیڑوں سے محفوظ ہو جاتی ہے اور پودوں میں مختلف بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کپاس کی کاشت اپریل کے پورے مہینے کے علاوہ مئی کے پہلے ہفتے میں مکمل کی جائے۔ ہفتہ وار فصل کا معائنہ جاری رکھا جائے اور بیماری سے متاثرہ پودوں کو کھیت سے نکال کر فوری طور پر تلف کیا جائے۔

سفید مکھی کے بروقت انسداد کیلئے کپاس کے علاوہ متبادل میزبان پودوں پر اس کے حملہ کو کنٹرول کیا جائے۔انہونے کہاکہ کپاس کاشت کے مرکزی علاقوں میں ٹماٹر اور بھنڈی توری کی فصلیں لگا نے سے گریزکیا جا ئے کیونکہ ٹما ٹر اوربھنڈ ی توری سفید مکھی کی مر غوب ترین غذ ا ہیں اور یہ فصلیں سفید مکھی کی آبا دی بڑ ھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اجتماعی حکمت عملی کے ذریعے پتہ مروڑ وائرس اور سفید مکھی کا حملہ کم ہونے سے کپاس کی فصل کو شدید نقصان سے بچایا جاسکتاہے۔