سید علی گیلانی کی گھر میں مسلسل نظر بندی کی مذمت،حریت کانفرنس کی شدید مذمت

ہفتہ 23 اپریل 2016 16:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے علیل چیئرمین سید علی گیلانی کی گھر میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے قابض انتظامیہ کا سراسر ایک غیر انسانی اقدام قرار دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگرمیں ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں کو نظر بند رکھ کواپنے بھارتی آقاؤں کو خوش کرناچاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھ اپریل کو نئی دلی سے واپس سرینگر لوٹنے کے بعد سے سید علی گیلانی کی گھر میں نظر بندی کا سلسلہ پھر سے شروع کیا گیا اور انہیں جمعہ کی نماز بھی ادا نہیں کرنے دی جاتی۔ ترجمان نے کہا کہ مسلسل نظر بندی کی وجہ سے علیل رہنما کی صحت پر مزید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، راجہ معراج الدین ، محمد اشرف لایا ، محمد یوسف فلاحی اور دیگر حریت رہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندی کی بھی شدید مذمت کی۔انہو ں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بدھ کے روز ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔