فوج آپریشن نہ کرتی تو چھوٹو گینگ دبئی ہوتا، حکومت اپنی صفوں سے سہولت کار نکالے، میاں محمود الرشید

کارکن اسلام آباد جانے کی تیاری کریں، گلی محلوں کی سطح پریوم تاسیس کی تقریبات کا انعقاد کریں ، وفود سے گفتگو: پارٹی کے بیسویں یوم تا سیس کا کیک بھی کاٹا

ہفتہ 23 اپریل 2016 22:10

فوج آپریشن نہ کرتی تو چھوٹو گینگ دبئی ہوتا، حکومت اپنی صفوں سے سہولت ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اپریل۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیراعظم تقریر کریں یاقوم سے خطاب عمران خان کا تذکرہ نہیں بولتے، وزیراعظم کو محسوس ہو گیا کہ انہیں اصل خطرہ عمران خان سے ہے، ’’چھوٹو گینگ‘‘ نے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا جنا زہ نکال دیا، فوجی آپریشن نہ ہوتا تو کرپٹ حکمران گینگ کو دبئی فرار کرا چکے ہوتے، حکومت کو اپنی صفوں میں سہولت کاروں کو نکالنا ہوگا،تین برس کے دوران ملک 180کھرب کا مقروض ہو گیا،زراعت تعلیم صحت سمیت پنجاب کا ہر شعبہ اور ادارہ تباہی کی جانب جا رہا ہے ، لیکن حکومت کی تمام تر توجہ شوکت خانم جیسے فلاحی ادارے کو نشانہ بنانے پر لگی ہے، کارکن اسلام آباد جانے کی تیاری کریں، گلی محلوں کی سطح پریوم تاسیس کی تقریبات کا انعقاد کریں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے بیسویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں ڈاکٹر عاصم، شہباز یاسین، اعجاز خان، حافظ ذیشان رشید، عامر قریشی، انیلہ ریاض، فہمیدہ بیگم، شیراز ذکاء ایڈوکیٹ، اسلم ضیغم، عبد الجبار، حامد ظفر راعی، زاہد گجر، رانا عمر، اسد ملک، حاجی محمد ریاض، سعید الحسن جعفری، پروفیسر وسیم نا جی ودیگر نے شرکت کی، میاں محمود الرشید نے کہا کہ چھوٹو گینگ نے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا جنا زہ نکال دیا اس سے پہلے کے فوج کارروائی کرے حکومت اپنی صفوں میں موجود سہولت کاروں کو نکالے ورنہ پھر جمہوریت کو خطرے کا راگ الاپا جائے گا، انہوں نے کہا کہ چھوٹو گینگ کیخلاف فوجی آپریشن نہ ہوتا تو کرپٹ حکمران گینگ کو دبئی فرار کرا چکے ہوتے۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ حالیہ تین سالوں میں مرکزی بالخصوص پنجاب حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، اس عرصے میں ملکی و غیر ملکی قرضوں میں مزید 5ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور یوں مجموعی قرضہ180کھرب ہو گیا ہے،زراعت ہو یا شعبہ تعلیم یا صحت ، ہر ادارہ تباہی کی جانب جا رہا ہے، چند مسلح افراد کا گروہ مسلح ہو کر حکومت کیخلاف اعلان بغاوت کرتا ہے، پولیس اہلکاروں کو اغواء کرتا ہے ، صوبے میں بیروزگاری اور جرائم کی شرح خوفناک حد تک پہنچ گئی ہے اس نازک حالات میں حکومت اور اسکے وزیر مشیر کارکردگی بہتر بنانے اور پانا مہ لیکس پر جواب دینے کی بجائے شوکت خانم جیسے ادارے کو نشانہ بنا رہے ہیں، وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ کارکن اسلام آباد جانے کی تیاری کریں، گلی محلوں کی سطح پریوم تاسیس کی تقریبات کا انعقاد کریں اور تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

متعلقہ عنوان :