عمرے کے 250 عازمین کا بطور شاہی مہمان استقبال

شاہی مہمانوں کا تعلق ملائیشیا، ترکی، کرغستان، قازقستان، تاجکستان، آذربائیجان، جارجیا، بلغاریہ، سربیا، چیک ریپبلک، ازبکستان، رومانیہ، البانیہ، سلووینیا اور پولینڈ سے ہے

اتوار 24 اپریل 2016 17:44

عمرے کے 250 عازمین کا بطور شاہی مہمان استقبال

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) سعودی عرب میں عمرے اور زیارت کے لیے 250 مسلمانوں کا ایک گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا۔ یہ افراد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے خصوصی مہمانان کے پروگرام کے سلسلے میں پانچویں کھیپ کے تحت مملکت پہنچے ہیں۔ سعودی فرماں روا نے عمرے کی ادائیگی کے سلسلے میں ان افراد کی میزبانی کے احکامات جاری کیے تھے۔

عمرہ و زیارت کے اس پروگرام پر اسلامی امور، اوقاف، دعوہ و ارشاد کی سعودی وزارت کے زیرنگرانی عمل درامد ہوتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عمرہ زائرین کے گروپ میں شامل افراد کا تعلق ملائیشیا، ترکی، کرغستان، قازقستان، تاجکستان، آذربائیجان، جارجیا، بلغاریہ، سربیا، چیک ریپبلک، ازبکستان، رومانیہ، البانیہ، سلووینیا اور پولینڈ سے ہے۔

(جاری ہے)

مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان افراد کا استقبال خادم حرمین شریفین حج و عمرہ پروگرام سکریٹریئٹ کے متعدد ذمہ داران نے کیا۔مہمانوں نے اس پروگرام میں منتخب ہونے، مدینہ منورہ پہنچنے، مسجد نبوی کی زیارت اور اس میں نماز کی ادائیگی، رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے روضے پر سلام پیش کرنے، عمرے کی ادائیگی اور مسجد حرام میں نماز کی ادائیگی کا موقع ملنے پر اپنی بھرپور مسرت کا اظہار کیا۔

خادم حرمین شریفین پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبداﷲ بن مدلج المدلج نے پہنچنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ اسلامی امور، اوقاف، دعوہ و ارشاد کے سعودی وزیر الشیخ صالح بن عبدالعزیز بن محمد آل الشیخ نے ہدایت کی ہے کہ مہمانوں کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لیے وزارت کے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس سلسلے میں مدینہ منورہ میں اس پروگرام سے متعلق کمیٹیوں نے ہمارے فرماں روا کے مہمانوں کے شایان شان استقبال کے لیے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔

عبداﷲ المدلج کے مطابق مہمانوں کے لیے مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں جن میں مسجد نبوی کے آئمہ کرام سے ملاقاتیں، مدینہ منورہ میں کئی مذہبی اداروں کے دورے، شہدا احد قبرستان، مسجد قبا اور شاہ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس کا دورہ شامل ہیں۔ تمام مہمانان پیر کے روز مکہ مکرمہ روانہ ہوجائیں گے اور اسی روز عمرہ ادا کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مکہ مکرمہ میں مہمانان کے پروگرام میں بیت اﷲ کا غلاف تیار کرنے والی فیکٹری، حرمین شریفین کی عمارت کی نمائش اور مقامات مقدسہ کے دوروں کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ سے باہر "الکر پارک" میں اوپن کلچرل ڈے میں شرکت بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گروپ کی حرم مکی کے کسی ایک امام و خطیب سے ملاقات بھی کرائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :