افغانستان سے مہمند ایجنسی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر مارٹر حملہ، میجر اور حولدار زخمی،ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل

صوبہ ننگرہار کے ضلع گوشتہ میں پاک افغان بارڈرسیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک، 2 زخمی ہوگئے ،افغان میڈیا کا دعویٰ

اتوار 24 اپریل 2016 17:48

افغانستان سے مہمند ایجنسی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر مارٹر حملہ، میجر ..

کابل/ مہمند ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) افغانستان سے مہمند ایجنسی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائر کیے گئے مارٹر گولوں سے ایک میجر اور حولدار زخمی ہو گئے جنھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کردیا گیا جبکہ افغان میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع گوشتہ میں پاک افغان بارڈرسیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے جس میں ایک افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ۔

اتوار کو نجی ٹی وی کے مطابق افغانستان سے مہمند ایجنسی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائر کیے گئے مارٹر گولوں سے ایک میجر اور حولدار زخمی ہو گئے۔سرحد پار سے مہمند ایجنسی میں بازائی تحصیل میں چوکی کو نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کے مطابق مارٹر گولوں سے زیارت چیک پوسٹ کو ساڑھے 4 بجے کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

مارٹر گولوں کے حملوں میں زخمی ہونے والوں میں میجر فرخ اور حوالدار عمران خان زخمی ہوئے، ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیاگیا۔

ذرائع کی جانب سے دعوی کیا گیا کہ پاک فوج نے مارٹر گولوں سے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔خیال رہے کہ اس سے ایک روز قبل مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ (آئی ای ڈی)کے دھماکے میں بھی ایک اہلکار ہلاک ہوا تھا۔پولیٹیکل انتظامیہ نے مقامی مشران اور سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ داوازئی کے علاقے پنڈیالی میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے 12 گھر اور 10 دکانیں بھی منہدم کیں۔

دوسری جانب افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع گوشتہ میں پاک افغان بارڈرسیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے جس میں ایک افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔ جھڑ پ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع گوشتہ پر شیلنگ کے بعد شروع ہوئی،افغان سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی،جھڑپ کئی گھنٹوں تک جاری رہی، جس سے ایک بارڈر پولیس اہلکار ہلاک اوردوزخمی ہوگئے۔