عراق، 2 خود کش حملوں میں سیکورٹی اہلکار وں سمیت23 افراد ہلاک ،63زخمی ،داعش نے ذمہ داری قبول کرلی، خود کش بمبار نے بارود سے بھری کار حسینیان کے قریب سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب اڑا ئی حملے میں 6 شہری اور 4 فوجی ہلاک ہوئے، رضوانیہ میں امام بارگاہ پر خود کش حملے میں13 نمازی شہید ،35 زخمی ہوئے،عراقی سیکورٹی حکام

اتوار 24 اپریل 2016 20:34

عراق، 2 خود کش حملوں میں سیکورٹی اہلکار وں سمیت23 افراد ہلاک ،63زخمی ،داعش ..

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) عراق کے دارالحکومت بغداد میں سیکیورٹی فورسز پر2 خود کش حملوں میں سیکورٹی اہلکار وں سمیت23 افراد ہلاک اور 63زخمی ہوگئے ،داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ایک خود کش بمبار نے بارود سے بھری ہوئی کار کو شہر کے مشرقی حصے میں حسینیان کے قریب سیکیورٹی چیک پوسٹ کو دھماکے سے اڑا دیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ بم دھماکے کے نتیجے میں 6 شہری اور 4 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔داعش نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں مذکورہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔عراقی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل دارالحکومت کے جنوب مغربی حصے میں رضوانیہ کے مقام پر ایک امام بارگاہ میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 13 نمازی شہید جبکہ 35 زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

تین میڈیکل عہدیداروں نے دونوں حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔گذشتہ کچھ ماہ سے عراقی فورسز نے امریکی ایئر فورس کی مدد سے داعش کو زیر کنٹرول علاقوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا ہے،خیال رہے کہ داعش نے 2014 میں عراق کے شمالی اور مغربی علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کیا تھا جبکہ شام کے بڑے رقبے پر بھی اسی کا قبضہ ہے، جہاں اس نے اپنی حکومت الدال الاسلامیہ کے نام سے قائم کی ہوئی ہے۔