اناج سٹور کرتے وقت حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں ،ماہرین

بدھ 27 اپریل 2016 15:27

فیصل آباد۔27اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اپریل۔2016ء )گوداموں میں اناج کی حفاظتی ، احتیاطی ، تدارکی تدابیر کے بغیر سٹوریج سے مختلف نقصانات اناج کے وزن اور معیار پر اثر انداز ہوتے ہیں لہٰذا کاشتکار ماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں اناج کو نقصان سے بچایاجاسکے۔ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں نے بتایا کہ اگر گودام کا درجہ حرات زیادہ ہوجائے تو اناج میں عمل تنفس تیز ہوجاتا ہے جس سے اناج کے گلنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اسی طرح اگر گودام میں نمی کا تناسب متوازن نہ رہے تو بھی اناج کے ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے نیز اگر گودام میں ہوا کی آمدورفت مناسب نہ ہوتو مختلف عوامل کی وجہ سے کیڑوں اور خوردبینی جانداروں کا حملہ بڑھ جاتا ہے جو اناج میں بدبو پیدا کرنے کا سبب بنتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار پرانی بوریاں استعمال کررہے ہیں تو دانوں کو بوریوں میں بھرنے سے پہلے بوریوں کو اچھی طرح جھاڑ لیں جبکہ غلہ کو گوداموں میں ذخیرہ کرتے وقت دانوں میں نمی 10فیصد سے زیادہ نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ جس قدر ممکن ہوسکے اناج کو بارش اور دیگر موسمی اثرات سے محفوظ رکھاجائے اور اناج ذخیرہ کرنے سے پہلے گودام کی اچھی طرح صفائی کرتے ہوئے زہر کے محلول کا سپرے کرلیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار سپرے کرنے کے بعد گودام کو دودن کے لیے ہوا بند رکھیں اور کھولنے کے 4سے6گھنٹے بعد تک گودام میں داخل نہ ہوں۔