کسی بھی محکمہ ہمارے آفیسران ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں،عبدالماجد خان

بدھ 27 اپریل 2016 16:36

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء)آزاد کشمیر کے وزیر بحالیات عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ کسی بھی محکمہ ہمارے آفیسران ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ آفیسران کو چاہیے کہ وہ محنت ،لگن سے کام کریں اور قواعد وضوابط کی سختی سے پاسداری کریں۔سابق ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک محکمہ کا درخشندہ اور تابناک ستارہ ہیں جو سرکاری ملازمت کے دشوار گزار میدانوں میں بھی ایک روشن اور تابناک ستارے کی مانند پوری آب وتاب اور بھرپور کامیابی کیساتھ روشن اور جگمگاتے رہے ہیں۔

ان کی ایمانداری اور جرات کا ہر خاص وعام گواہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز محکمہ لائیو سٹاک کے زیراہتمام سابق ناظم اعلیٰ لائیو سٹاک ڈاکٹرخالد محمود مرزا کی ریٹائر منٹ کے موقع پرانکے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ڈاکٹر مطلوب حسین راجہ،سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد محمود مرزا اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

وزیر بحالیات نے کہا کہ لائیو سٹاک میں ترقی آج کے اس دور کی اہم ضرورت ہے جس سے کسی بھی طور پر انکار ممکن نہیں،بڑھتی ہوئی آبادی کی دودھ ،گوشت اور انڈوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے محکمہ لائیو سٹاک آزاد کشمیر اپنا کلیدی کردار ادا کررہا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ڈاکٹر مطلوب حسین راجہ نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں ،کارہائے نمایاں انجام دینے والوں کو اسی طرح باوقار طریقے اور شان و شوکت سے یاد کرتے ہیں ،محکمہ لائیو سٹاک آزاد کشمیر کا یہ خاصہ ہے کہ انہوں نے محکمہ کیلئے خدمات دینے والے آفیسرز و اہلکاران کو شاندار طریقہ سے رخصت کیا اور یہ ایک مثبت روایت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ناظم اعلیٰ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔سابق ناظم اعلیٰ ڈاکٹر خالد محمود مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ کے تمام آفیسران و اہلکاران کا تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اس امر کا اظہا ر کیا کہ موجودہ ناظم اعلیٰ کی قیادت میں محکمہ تعمیر وترقی کی مزید منازل طے کرے گا ۔اس موقع پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر خالد محمود مرزا کو محکمہ کے آفیسران کی جانب سے تحائف اور سوینئر پیش کیے گئے۔