وفاقی وزیربرجیس طاہر نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا ، کشمیر میں وکلاء کے لائبریری کیلئے 10لاکھ روپے کا اعلان

جمعہ 29 اپریل 2016 17:06

باغ ۔ 29 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور کشمیر میں وکلاء کے لائبریری کے لئے 10لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔ حلف برداری کی تقریب گزشتہ روز باغ کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ میں نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر چوہدری برجیس طاہر نے انتخابات میں کامیاب ہونے والے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزیر نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے لئے وکلاء نے بڑی جدوجد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی بحالی میں وکلاء نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر ہماری حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنوں اور خواہشات کے مطابق حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور یہاں پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے کے بعد تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح گلگت بلتستان میں صاف اور شفاف انتخابات منعقد ہوئے اسی طرح کشمیر میں بھی اس طرح کے شفاف انتخاب کرائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ باغ میں لائبریری وکلاء کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے 10لاکھ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔