جرمنی اور فرانس کا یورپی یونین میں بغیر ویزا سفر کی سہولت معطل کرنے کے قانون کو آسان کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 30 اپریل 2016 12:46

برسلز ۔ 30 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 اپریل۔2016ء) جرمنی اور فرانس نے یورپی یونین میں ایک پیش کردہ تجویز میں کہا ہے کہ ہنگامی صورت میں یورپی یونین میں بغیر ویزا سفر کی سہولت معطل کرنے کا قانون آسان کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمن اور فرانسیسی حکام نے یورپی کمیشن کے سامنے باقاعدہ طور پر یہ تجویز پیش کر دی ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ یورپ میں سیاسی پناہ کی درخواستوں میں اضافے، غیر ملکیوں کے مقررہ مدت سے زیادہ قیام اور ملک بدری قبول کرنے سے انکار جیسے مسائل سے بچنے کے لیے سخت طریقہ کار اختیار کیا جائے۔

تجویز میں کہا گیا ہے کہ ایسی صورت میں ویزا فری سہولت معطل کرنے کا طریقہ کار آسان کر دیا جائے۔دوسری جانب یورپی یونین کی ایک خاتون ترجمان کے مطابق یورپی قوانین میں ہنگامی صورت حال کے دوران ویزا فری سہولت معطل کرنے کی شق پہلے سے ہی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی کمیشن کی جانب سے معطلی کے موجودہ طریقہ کار کا از سرِ نو جائزہ لیے جانے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :