غیر معیاری ،مضر صحت مشروبات سے گریز کیا جائے ،طبی ماہرین کی ہدایت

اتوار 1 مئی 2016 15:42

غیر معیاری ،مضر صحت مشروبات سے گریز کیا جائے ،طبی ماہرین کی ہدایت

راولپنڈی۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔01 مئی۔2016ء)گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات کی فروخت میں اضافہ ہو گیا ۔حالیہ دنوں میں گرمی کی لہر میں اضافہ کے ساتھ ہی شہریوں نے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال شروع کر دیا ہے ۔شہر و کینٹ میں مختلف مقامات پر سڑک کنارے شکر کولا، سوڈا واٹر ، گوند کتیرا شربت ،شکنجبین و دیگر رنگ برنگے مشروبات کی ریڑھیاں جما دی گئی ہیں جہاں سے شہری پیاس کی شدت کم کرنے کے لیے مشروبات خریدتے نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرم موسم کی شدت سے محفوظ رہنے کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے تاہم غیر معیاری ،مضر صحت اور بازاری مشروبات سے حتی الامکان گریز کیا جائے ۔معروف طبی ماہر ڈاکٹر شیخ محمد نسیم نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت کو کم کرنے اور اس کے اثرات کو زائل کرنے کے لیے سادہ پانی سب سے بڑا ٹانک ہے جبکہ گرد وغبار میں کھلے عام فروخت ہونے والے مضر صحت مشروبات کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہے لہذا شہریوں کو چاہیے کہ وہ سادہ فلٹر شدہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور صرف معیاری مشروبات کا استعمال کریں۔