افغانستان: مسافر بس اور آئل ٹینکر تصادم میں 73 ہلاک

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 8 مئی 2016 20:31

افغانستان: مسافر بس اور آئل ٹینکر تصادم میں 73 ہلاک

غزنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8مئی۔2016ء) افغانستان کے مشرقی صوبہ غزنی میں مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں 73 افراد ہلاک ہوگئے، اس حادثے کو ملک کی تاریخ کا بدترین حادثہ قرار دیا جارہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وزارت صحت کے حکام کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے قریب صوبہ غزنی میں ہونے والے مسافر بس اور ٹینکر کے تصادم کے بعد آتشزدگی سے ہلاک ہونے والوں میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں درجنوں کی تعداد میں لوگوں کو شدید نوعیت کے زخم بھی آئے ہیں۔ مذکورہ حادثہ ملک کے دو معروف شہروں کابل اور قندھار کو ملانے والی ہائی وے پر پیش آیا، جس کے باعث دونوں گاڑیاں مکمل طور پر جل کر تباہ ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے ترجمان اسمائیل کاوسی نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے واقعے میں 73 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں بیشتر افراد مکمل طور پر جھلس گئے۔ غزنی کے گورنر محمد امان حامیمی نے اس سے قبل ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 بتائی تھی جبکہ انہی کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تعداد 50 بتائی تھی۔ حادثے میں معمولی زخمی ہونے والے مسافر بس میں سوار ایک شخص نے بتایا کہ 'غلطی ہمارے ڈرائیور کی تھی۔۔۔وہ بہت تیز رفتاری سے بس چلا رہا تھا'۔ 'ہائی ویز پر گاڑیاں چلانے والے بیشتر ڈرائیور حشیش، چرس اور دیگر منشیات کا نشہ کرتے ہیں، جس کے بعد وہ مکمل طور پر اپنے قابو میں نہیں رہتے'۔ مسافر بس اور آئل ٹینکر تصادم میں زخمی ہونے والے ایک شخص کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے— فوٹو: رائٹرز

متعلقہ عنوان :