مقبوضہ کشمیر‘مسلم لیگ جموں وکشمیر کا 26واں یوم تاسیس

پیر 9 مئی 2016 14:18

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں مسلم لیگ جموں وکشمیرکے26ویں یوم تاسیس کے حوالے سے سرینگر میں ایک کنونشن منعقد ہوا ،جس کی صدارت نائب چیئرمین محمد یوسف میر نے کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے نائب چیرمین محمد یوسف میر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوتے ہوئے پارٹی کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ کے دیگر رہنماؤں اور ذمہ داروں کی گرفتاریوں کو سلسلہ بھی جاری ہے اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد ہے۔

(جاری ہے)

محمدیوسف میر نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دے کر دشمن کی سازشوں کوناکام بنانا ہو گا ۔انہوں نے جدوجہدآزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس سے پارٹی کے جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی ، چیف آرگنائزر عبدالاحد پرہ، سیکریٹری رابطہ عامہ فاروق احمد غوطہ پوری، صوبائی صدر کشمیر محمد اکرم نجار ، سیکریٹری شعبہ نشر واشاعت فیروز احمد خان کے علاوہ محمد رفیق رینہ، عبدالرشید ڈار سدر ،ملک غلام نبی اور دیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ نظامت کے فرائض سجاد ایوبی نے انجام دئے۔