فوجی کالونیوں کے منصوبے پر عملدرآمد کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے‘ مصدق عادل

پیر 9 مئی 2016 14:21

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں پیپلز پولیٹکل فرنٹ اور جمعیت اہلحدیث نے کشمیرمیں فوجی کالونیاں قائم کرنے کے بھارتی منصوبے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ کشمیر کی مخصوص اور متنازعہ حیثیت کو کمزور کرنے کی ایک سازش ہے جس کو ناکام بنانا ہر کشمیری کا قومی فرض ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے پالیسی ساز 1947ء سے ہی کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے گھناؤنے منصوبے پر عملدرآمد کی کوشش کر تے رہے ہیں لیکن حریت پسند اہل کشمیر کی مزاحمت کی وجہ سے وہ اب تک اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی اس سلسلے میں اپنی کوششیں تیز کردی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کبھی بے گھر افراد کو گھر فراہم کرنے کے نام پر ان کویہاں کی شہریت دینے، دفعہ 370کو ختم کرنے اور کبھی کشمیری پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیاں قائم کرنے کی کوششیں کرہی ہے جبکہ اب کی بار سابق فوجیوں کو گھر فراہم کرنے کے نام پر غیر ریاستی باشندوں کو یہاں بسانے کا منصوبے بنایا گیا ہے۔

انہوں نے بھارتی حکمرانوں کو خبردار کیاکہ اگر اس طرح کے منصوبے پر عملدرآمد کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔جمعیت اہلحدیث کے صدر مولانا غلام محمد بٹ المدنی نے لاوے پورہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہر روز نت نئے مکروہ منصوبے سامنے لاکر کشمیر کے خرمن امن کو تباہ کرنے کی کوششیں کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کوئی غیر ریاستی باشندہ یہاں کا شہری نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے نت نئے منصوبے بنارہا ہے جبکہ اس دفعہ ایک نئے فتنے کو جنم دیا گیا ہے جس کے تحت یہاں بھارتی فوجیوں کیلئے علیحدہ کالونیوں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کے یہ مکروہ اور سازشی منصوبے کشمیری عوام برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے قابض حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ اس قسم کے مکروہ منصوبوں پر عملدرآمدسے باز رہیں اور آگ سے کھیلنا بند کریں ۔