مسلم لیگ ن ایک منظم اور نظریاتی جماعت ہے، تمام کارکن پارٹی فیصلوں کے پابند ہیں،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

پیر 9 مئی 2016 23:03

گلگت ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف ہمارے محسن ہیں ہم سب قائد محمد نواز شریف کے کارکن ہیں ہم اپنے قائد کے فیصلوں کے پابند ہیں ،مسلم لیگ ن ایک منظم اور نظریاتی جماعت ہے تمام کارکن پارٹی فیصلوں کے پابند ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہمیشہ ہنزہ کی تعمیر و ترقی کو مقدم رکھا ہے ہمارا مشن ہنزہ کی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے پارٹی کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ہماری جماعت میں کارکنوں کو اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے اپنی رائے کا اظہار کرنا پارٹی عہدیداروں اور ورکروں کا حق ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن نے مسلم لیگ ن ہنزہ کے عہدیداروں، ایم ایس ایف ، یوتھ ونگ کے ضلعی عہدیداروں او ر ضمنی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست دینے والے امیدواروں کی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان نے ہنزہ کو الگ ضلع بنایا جو عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا ،ہنزہ کی تعمیر و ترقی کیلئے بہت سے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جانا ہے قائد عوام وزیر اعظم نواز شریف نے عطاء آباد کے سانحے کے موقع پر یہاں خود عطاء آباد کا دورہ کیا اور عطاء آباد متاثرین کو چیک دیئے ، ضلع بنایا اور سی پیک کے بڑے منصوبے بھی ہنزہ گوجال سے آغاز ہوں گے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہنزہ کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کے پالیسیوں کی حمایت کی ہے، 22اور23مئی کو ہز ہائی نس پرنس کریم آغا خان کے صاحبزادے اور صاحبزادی نے تشریف لانا ہے جس کی وجہ سے سی پیک کے حوالے سے چائنہ میں منعقد ہونے والے اہم اجلاس میں شرکت سے معذرت کی۔اجلاس میں تمام پارٹی عہدادروں نے پارٹی ڈسلپن کی پابندی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا۔

متعلقہ عنوان :