پنجاب بھر میں کپاس اگاوٴ مہم کابھرپور آغاز کیا جائے، ڈاکٹر فرخ جاوید

جمعہ 13 مئی 2016 15:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاویدنے محکمہ کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں کپاس اگاوٴ مہم کا بھرپور آغاز کیا جائے اور 15مئی تک سے نئی فصل کی کاشتہ مہم تیز کی جائے،انہوں نے ہدایت کی ہے کہ مارکیٹ میں کپاس کے بیج، متعقلہ کھاد اور کیرے مار ادویات کی وافر مقدار میں دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ کپاس ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کماتے ہیں بلکہ اس سے دیہاتوں میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں،وزیر زراعت نے ہدایت کی کہ کپاس کی بوائی سے چنائی تک ہر مرحلے پر کاشتکاروں کو مکمل اور بھرپور راہنمائی فراہم کی جائے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کپاس کی بوائی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب کیپٹن (ر) محمد محمود، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) پنجاب ڈاکٹر عابد محمود ، ڈی جی پلانٹ پروٹیکشنکے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2016-17کیلئے60لاکھ ایکڑرقبے پر کپاس کی بوائی سے 1کروڑ5لاکھ بیل کا پیداواری ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال موسمی تبدیلیوں کے باعث کپاس کی فصل کو شدید نقصان کا سامنا ہوا جس کے بعد رواں سال بوائی سے قبل متعدد انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید کا کہنا تھا کہ کپاس کی فصل کو حملہ آوور کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کسانوں کی مکمل راہنمائی سے کپاس کا پیداواری ہدف ہر صورت پورا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال پنجاب سیڈ کارپوریشن کے منظور شدہ بیج استعمال کیے جائیں جو حملہ آوور کیڑوں کے خلاف بہتر قوت مدافعت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے والی ،کم پانی سے تیار ہونے والی اور بیماریوں کے خلاف مدافعت رکھنے والی کپاس کی نئی بی ٹی اور نان بی ٹی اقسام متعارف کروائی گئی ہیں جن کی کاشت سے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے زرعی انقلاب اور ملکی معیشت کے استحکام کا خواب ہر صورت شرمندہ تعبیر ہو گا۔انہوں نے محکمہ زراعت توسیع اور فیلڈ ونگ کوہدایت کی کہ کسانوں کی رانمائی کیلئے ان کے کھیتوں میں جائیں اورخدمت کے جزبے کیساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں۔