لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 28زونل افسروں کے ممکنہ تبادلوں اور برطرفیوں کیخلاف حکم امتناعی جاری

ہفتہ 14 مئی 2016 20:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مئی۔2016ء) لیبر کورٹ نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 28زونل افسروں کے ممکنہ تبادلوں اور برطرفیوں کیخلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی اور ڈی سی او لاہور سے 23مئی تک جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لیبر کورٹ نمبر llکے جج جہانگیر میر نے شوکت گلزار سمیت ایل ڈبلیو ایم سی کے 28زونل افسروں کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ 2011ء میں انہیں ضلعی حکومت سے تبدیل کر کے ڈیپوٹیشن پر ایل ڈبلیو ایم سی میں تعینات کیا گیا اور تمام درخواست گزاروں کے بطور زونل مانیٹرنگ افسر تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری کئے گئے، اب ایل ڈبلیو ایم سی کی انتظامیہ زونل افسروں کو برطرف کر کے سفارشیوں کو بھرتی کرنے جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایل ڈبلیو ایم سی میں بہت سے افسران غیرقانونی طور پر کام کر رہے ہیں، انتظامیہ افسروں کیخلاف کارروائی کی بجائے ورکروں کیخلاف کارروائی کرنے جا رہی ہے ۔

درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی انتظامیہ کو زونل افسروں کی ممکنہ تبادلوں اور برطرفیوں سے روکا جائے۔عدالت نے ایل ڈبلیو ایم سی کے زونل افسروں کے ممکنہ تبادلوں اور برطرفیوں کیخلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی اور ڈی سی او لاہور سے 23مئی تک جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :