حیدر آباد میں رینجرز کے علی الصبح چھاپے، ایم کیو ایم زونل کمیٹی کے 3ممبران گرفتار‘تفتیش کیلئے نامعلوم مقام منتقل

اتوار 15 مئی 2016 12:14

حیدر آباد میں رینجرز کے علی الصبح چھاپے، ایم کیو ایم زونل کمیٹی کے 3ممبران ..

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء) رینجرز نے اتوار کی صبح حیدر آباد میں کاروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کی زونل کمیٹی کے 3ممبران اور اے پی ایم ایس او کے سیکٹر آرگنائزر کی غیر موجودگی میں اْن کے والد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے آج صبح سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں چھاپہ مار کاروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے زونل کمیٹی کے تین اراکین سہیل مشہدی،رفیق اجمیری اور راحیل فہیم کو اْن کے گھروں سے گرفتار کر لیا،رینجرز نے ایم کیو ایم کے طلبا ونگ ”اے پی ایم ایس او“ کے سیکٹر آرگنائزر علی رضا وکیل کے گھر پر بھی چھاپہ مارا،تاہم اْن کی غیر موجودگی پر علی رضا کے والد محمد وکیل کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

رینجرزنے مذید کاروائی کرتے ہوئے گرونگرکے علاقے میں ”اے پی ایم ایس او“ کے سابق سیکٹرممبر عامرخانزادہ کے گھرپر بھی چھاپہ مارا،اْن کے نہ ملنے پررینجرز نے ان کے بھائی کے گھرپربھی چھاپہ مارا۔ بعد ازاں رینجرزنے حالی روڈکے علاقے میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے نعیم چھیپا اورشبیرگدی کے گھروں پربھی چھاپے مارے۔ذرائع کے مطابق زونل ممبرز سہیل مشہدی کو صدیق پلازہ یونٹ نمبر8لطیف آباد، رفیق اجمیری کوحیدر آ بادکے علاقے ریشم بازار اورراحیل فہیم کولطیف آبادنمبر 9میں ان کے گھروں سے گرفتارکیاگیا جب کہ رینجرز نے چیتل چاڑی کے علاقے میں اے پی ایم ایس او کے سیکٹرانچارج علی رضا وکیل کے گھرپر بھی چھاپہ مارا تاہم ان کے نہ ملنے پر ان کے والد محمدوکیل کو حراست میں لے لیا۔