پانامہ لیکس میں شامل تمام افراد کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے،سراج الحق

ملک سے کرپشن ، ناانصافی اورلوٹ مار کے خاتمے کے لئے کرپشن فری مہم اور 25مئی کو ٹرین مارچ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں،مسلم لیگ (ن)ملک کو سیکولر بنانا چاہتی ہے،میڈیا سے گفتگو

اتوار 15 مئی 2016 13:43

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں شامل تمام افراد کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ کرپٹ سیاست دان اور سرمایا داروں عوامی اور اللہ کی عدالت سے نہیں بچ سکتے۔ پاکستان دنیا میں اسلامی ملک کی حیثیت سے وجود میں ا ٓیا ۔ مسلم لیگ (ن) اسے سیکولر بنانا چاہتی ہے۔

ملک سے کرپشن ، ناانصافی ، لوٹ مار کے خاتمے کے لئے پاکستان کرپشن فری مہم اور 25مئی ٹرین مارچ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ اتوار کے روز کوہاٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس نے ملک کی اشرافیہ کا پردہ چاک کر دیا ہے اور ان کے کرتوت پاکستان اور دنیا کے سامنے لے آئی ہے۔

(جاری ہے)

پانامہ لیکس میں جس جس کا بھی نام آیا ہے وہ چاہے وزیراعظم ہو یا عمران خان سمیت تمام سیاست دان اور سرمایہ داروں کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیئے اور کرپٹ عناصر کا چہرہ عوام کے سامنے ظاہر نہیں کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا پاکستان کو کرپشن ، نا انصافی، لوٹ مار سے پاک کرنے اور لوٹ مار کرنے والے کو عوام کی عدالت میں لانے کے لئے پاکستان کرپشن فری ملک بنانے کے لئے باقائدہ مہم شروع کرنے جا رہے ہیں اور 25مئی سے ملک بھر میں ٹرین مارچ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کا گریبان عوام کے ہاتھوں میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشہ میں اسلامی ملک کی حیثیت سے وجود میں آیا تھا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت پاکستان کو ایک سیکولر ملک بنانا چاہتی ہے اور مغرب کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور اسلامی رہے گا ملک کو سیکولر بنانے کی تمام تر کوششیں اور بیرونی ایجنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ملک کو سیکولر نہیں بننے دیں گے۔