بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے مختلف حربے آزما رہا ہے، ایمپلائز موومنٹ

اتوار 15 مئی 2016 17:32

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مئی۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر ایمپلائز مومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے جس کے لیے وہ مختلف حربے آزما رہا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد شفیع لون نے سرینگر میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران اسرائیلی طرز پر کشمیر میں پنڈتوں اور سابق بھارتی فوجیوں کیلئے الگ کالونیاں تعمیرکرنا اورنئی صنعتی پالیسی کے تحت غیر ریاستی باشندوں کو زمین فراہم کر نا چاہتے ہیں تاکہ مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کشمیر گواہ ہے کہ غیور کشمیری عوام نے اپناگرم گرم لہو پیش کرکے ہر دفعہ بھارتی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیاہے اور اس بار بھی بھارت کے ان منصوبوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

۔ محمد شفیع لون نے کہا کہ اقتدار کے بھوکے کٹھ پتلی حکمران خود مسائل پیدا کرکے ان کے خلاف ا ٹھنے والی کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کا مقصد مسئلہ کشمیر کا پُر امن حل ہے لیکن علیحدہ کالونیاں تعمیر کرنے کے بھارتی منصوبوں پر وہ خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے جن کا مقصد یہاں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا اور بھارتی ناجائز تسلط کو دوام بخشنا ہے۔ محمد شفیع لون نے قابض انتظامیہ کوخبردار کیاکہ وہ کشمیر دشمن اقدامات کرنے سے گریز کرے ۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے حکمرانوں پر زوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کریں تاکہ کشمیر سمیت پورے خطے میں پرامن ماحول قائم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :