بھارتی فوجیوں یا پنڈتوں کیلئے کالونیاں تعمیر کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی:نعیم خان

اتوار 15 مئی 2016 17:33

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مئی۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورجموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے متنازعہ خطے میں بھارتی فوجیوں یا پنڈتوں کے لیے کالونیاں تعمیر کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور کشمیر کی مسلم شناخت کی حفاظت کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے ضلع کپوارہ میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی مسلم شناخت ہر کشمیری کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اس لئے اس کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے کہابھارت اپنے مقامی آلہ کاروں کو استعمال کرکے کشمیر کی مسلم شناخت کو نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کررہاہے لیکن انہیں اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اعلیٰ سطح پر کشمیر اور کشمیریوں کیخلاف سازشوں کا جال بنا جارہا ہے اور بھارتی عدلیہ جیسے ادارے بھی اپنی سیاسی قیادت کی ہر طرح سے مدد کررہے ہیں۔نعیم خان نے کہا کہ ہم کشمیر کی سرز مین پر بھارت کے قوانین برداشت نہیں کرسکتے کیونکہ ان کی وجہ سے بھارت کا قبضہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی مخصوص شناخت کی حفاظت کیلئے ہم نے ایک لاکھ سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہیں اوراس تحریک کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

نعیم احمد خان نے این ای ای ٹی کے بارے میں بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو کشمیر دشمن اور سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ سمیت بھارت کا ہرادارہ کشمیریوں کیخلاف جانبداری سے کام لے رہاہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو کمزور کرنے کا اصل مقصد تنازعہ کشمیر کو تحلیل کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔

متعلقہ عنوان :