یونی ورسٹی حدود میں لڑکا لڑکی کے ساتھ بیٹھنے پر پابندی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 15 مئی 2016 23:40

یونی ورسٹی حدود میں لڑکا لڑکی کے ساتھ بیٹھنے پر پابندی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15مئی۔2016ء)یونی ورسٹی سرگودھا کے لاہور کیمپس کی حدود میں لڑکا لڑکی کے ساتھ بیٹھنے اور گھومنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جب کہ جاری کردہ نوٹی فکیشن میں طالبات اور طلباء کیلئے لباس سے متعلق بھی اچھوتی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سرگودھا یونی ورسٹی آف لاہور کیمپس نے نئے احکامات میں فیصل آباد اور سوات یونی ورسٹی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، تبدیلی اور خواتین کو شانہ بشانہ رکھنے کے دعویٰ ہوا ہو گئے، جب خادم اعلیٰ کے شہر لاہور میں قائم سرگودھا یونی ورسٹی کے کیمپس میں جامعہ کی انتظامیہ نے لڑکا لڑکی کے ساتھ بیٹھنے پر جرمانہ اور پابندی کا اعلان کردیا۔

سرگودھا یونی ورسٹی لاہور کیمپس کی انتظامیہ نے تازہ حکم نامہ میں یہ لڑکا اور لڑکی کے اکیلئے ساتھ گھومنے اور بیٹھنے پر سختی سے پابندی عائد کردی، انتظامیہ کے مطابق "والدین کی جانب سے موصول شکایات اور مذہبی و روایتی تقدس اور روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے"۔

(جاری ہے)

یونی ورسٹی نے صرف اسی پر بس نہ کیا، بلکہ طلباء اور طالبات کے کپڑوں ، میک اپ، چپلوں سے متعلق بھی انوکھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ڈریس کوڈ کے مطابق لڑکوں کو شلوار قمیض صرف خصوصی اجازت اور جمعہ کے روز پی پہنے کی اجازت ہوگی، جب کہ یونی ورسٹی کی حدود میں لڑکوں کو صرف ڈریس شرٹ، ٹی شرٹ فارمل پینٹ، جینز، جوتے، جوگرز، ہی پہنے کی اجازت ہوگی۔ صرف لڑکے ہی نہیں، لڑکیوں کو بھی لباس زیب تن کرنے سے متعلق تنبہہ کی گئی ہے، لڑکیوں کو خاص طور پر شلوار قمیض کو ڈوپٹے اور اسکارف کے ساتھ پہنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جب کہ پینٹ، ٹراؤز کو لمبی قمیضوں اور ڈوپٹے اور اسکارف کے ساتھ ہی استعمال کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ اپ دیکھنا یہ ہے کہ سوات یونی ورسٹی کی طرح یہ نوٹی فکیشن بھی کتنے روز تک کارآمد رہتا ہے۔