آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے کنگ عبد اللہ کیمپس کی تعمیر کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے‘سعودی سفیر

منگل 17 مئی 2016 14:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) پاکستان میں سعودی سفیر عبد اللہ الا ظہرانی نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے کنگ عبد اللہ کیمپس کی تعمیر کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، کنگ عبد اللہ کیمپس کی تعمیر کے علاوہ جدید سائنسی آلات سے آراستہ لیبارٹری کے قیام کے لیے بھی ہر ممکن تعاؤن کیا جائے گا، ترجمان جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے سعودی عرب کے سفیر عبد اللہ الا ظہرانی سے سعودی سفارت خانے میں ایک اہم ملاقات کی، ملاقات کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے معزز سفیر کو جامعہ کشمیر کے کنگ عبد اللہ کیمپس چھتر کلاس کے تعمیراتی کام اور موجودہ صورت حال کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، وائس چانسلر نے کہا کہ 8اکتوبر 2005کے تباہ کن زلزلے کے بعد برادر اسلامی ملک سعودی عرب نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں جہاں انسانی خدمات کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی ،وہاں جامعہ کشمیر کے کنگ عبد اللہ کیمپس کی تعمیر کے لیے گرانٹ مہیا کر کے کشمیری قوم کے ساتھ اپنی محبت کا عملی ثبوت دیا،انہوں نے معزز سفیر کے ساتھ جامعہ کشمیر کے کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس کے فیز 2کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا، جس پر سعودی سفیر نے مکمل تعاؤن کا یقین دلایا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے سعودی سفیر کو آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے دورہ کی بھی دعوت دی ،جسے معزز سفیر نے قبول کرتے ہوئے عنقریب جامعہ کشمیر کا دورہ کرنے کا بھی عندیہ دیا، اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ کنگ عبد اللہ کیمپس کی تعمیر ہماری اولین ترجیح ہے،ہماری خواہش ہے کہ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی ترقی کی منازل طے کرے،انہوں نے مزید کہا کہ8اکتوبر 2005کے زلزلہ کے بعد زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورے کے دوران کشمیری عوام کی مشکلات کو ہم نے خود دیکھا، وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے سعودی حکومت کی جانب سے کنگ عبد اللہ کیمپس کی تعمیر میں دلچسپی پر سعودی عرب کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :