نومنتخب میئر صادق خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو لندن آنے کی دعوت دیدی

ٹرمپ لندن آئیں اور مسلم خاندانوں سے ملاقات کے بعد ریبپلکن امیدواروں کو مسلمانوں کے حوالے سے آگاہ کریں ،ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بیانات سے تہذیبوں کا تصادم چاہتے ہیں، میئرلندن کی مقامی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

منگل 17 مئی 2016 19:55

نومنتخب میئر صادق خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو لندن آنے کی دعوت دیدی

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء) لندن کے نومنتخب پاکستانی نژاد میئر صادق خان نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو لندن آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لندن آئیں اور مسلم خاندانوں سے ملاقات کے بعد ریبپلکن امیدواروں کو مسلمانوں کے حوالے سے آگاہ کریں۔لندن کے میئراورامریکی صدارتی امیدوارڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گزشتہ کئی روز سے لفظی جنگ جاری ہے۔

مقامی ٹی وی چینل کے مورننگ شو میں انٹرویو کے دوران نومنتخب میئرنے ایک مرتبہ پھر ڈونلڈ ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کی پالیسی انتہائی خطرناک اورغیرمنطقی ہے اوراگر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی قسم کے بیانات دینے کا سلسلہ جاری رکھا تو نومبر میں ہونے والے انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

(جاری ہے)

صادق خان نے کہا کہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہارکرتا رہوں گا تاکہ وہ مسلمانوں کے حوالے سے اپنا ذہن تبدیل کریں۔ انہوں نے ٹرمپ کو دعوت دی کہ وہ لندن آئیں اور ان کی بچوں، دوستوں، محلہ داروں اوردیگرمسلمانوں سے ملیں، اگر میں نے مسلمانوں کے حوالے سے ان کا ذہن تبدیل کردیا تو مجھے خوشی ہوگی۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بیانات سے تہذیبوں کا تصادم چاہتے ہیں جو خطرناک ہے اور مغرب کی جانب سے اسلام کے خلاف اس قسم کے بیانات دے کر کیا ٹرمپ داعش کی نوکری کررہے ہیں۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ میرے بہت سے مسلمان دوست ہیں جن میں سے ہر دوسرا شخص کامیاب ترین ہے، ٹرمپ نے اپنے بیانات سے مسلمانوں کے لئے آسانی کردی کیوں کہ اس موضوع پر کوئی بات نہیں کرتا تھا۔ ان سے جب سوال کیا گیا کہ کیا آپ مسلمانوں کے خلاف ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ میں مسلمانوں کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہوں۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی سیکیورٹی کے لئے مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا جس پر صادق خان نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کم علم قرار دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :